سراج الحق نے کہا ہے کہ مہنگائی کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سیاسی و معاشی دہشت گردوں نے بھیس بدل بدل کر حکومتیں کیں، کرپٹ نظام نے سب سے زیادہ نوجوانوں کو ڈسا، ملک لوٹنے والوں کا یوم حساب آنے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی صارفین اصل قیمت دینے کو تیار ہے لیکن بلوں میں 48فیصد ٹیکسز کا کوئی جواز نہیں ، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے جبکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بھی واپس لی جائیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی پرامن جدوجہد عوامی حقوق کے لیے جاری رہے گی، کل لاہور گورنر ہاؤس کے باہر تین دن دھرنا دیں گے ، لاہور اور پنجاب کی عوام دھرنے میں شرکت یقینی بنائیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پہیہ جام ہڑتال اور دھرنوں سے پہلے حکمرانوں جاگ جاؤ، پنجاب جاگے گا تو پاکستان جاگے گا، کل ہم پنجاب کے گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنا دیں گے اس کے بعد سندھ اور بلوچستان بھی جاوں گا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بے شرم قیادت کے ساتھ پاکستانی عوام کا سامنا ہے، نااہل قیادت کی وجہ سے دفاع، معیشت اور عدالتی مضبوط نظام نہیں، مہنگائی کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی، اگر مہنگائی کم نہیں کی تو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم انصاف، عدل اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، نوجوان بے روزگاری کی وجہ سے ڈپریشن کا شکار ہیں۔ مہنگائی ایسے بڑھتی رہی تو وزیر صاحب ایک دن آپ بھی احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ ہماری عدالت، معیشت، تعلیم میں قرآن کا نظام نہیں، برسراقتدار غدار ٹولے کی وجہ سے عوام مسائل کا شکار ہے لیکن ہم ڈرنے، جھکنے اور پیچھے ہٹنے والے نہیں، عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رہے گی اور ہم کامیاب ہوں گے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















