فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملک میں خوشحالی تب آئے گی جب گاؤں خوشحال ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ استحکام پاکستان پارٹی کی رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے حلقے میں پی ٹی آئی کا ووٹ بینک بہت کم تھا، عوام نے پی ٹی آئی کو شناخت دی جبکہ بارڈر پر بسنے والے لوگوں کی آواز کو اپنی آواز بنایا، بدقسمتی سے پارٹی کی گروہ بندی اور پارٹی انتشار کی وجہ سے الیکشن نہ جیت سکی۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی پی کا سفر بھی اسی جدوجہد سے جڑا ہے، پاکستان کے وجود کو تسلیم نہ کرنا ایک ہی ایجنڈا ہے، گھر کے بھیدی نے لنکا ڈھائی ہے، نوجوانوں کے زہنوں کو آلودہ کیا گیا۔
فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم صحت اور بنیادی سہولتیں نہ دی گئی،نوجوانوں نے اپنی سوچ کا محور عمران خان کو بنایا جبکہ میں نے بھی عمران خان کو اپنا مسیحا بنایا اور عمران خان کی خاطر ذاتی دشمنیاں لیں کیونکہ یقین تھا کہ اس نے پاکستان کو چلانا ہے لیکن جسے ہی مسیحا مانا اس نے سیاسی مخالفین کو ٹارگٹ کرنے کی بجائے افواج پاکستان کو ٹارگٹ کرنا شروع کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ احساس ہے کہ بجلی کے بلوں نے عوام پر بجلی کے بم گرائے ہیں، نسل در نسل غلامی کی داستان کی یرغمالی کو توڑنا ہے، پی ٹی آئی کے پرانے ساتھیوں کو نظر انداز کیا اور نئے چہرے آ گئے جنہوں نے ہائی جیک کر لیا۔
فردوس عاشق اعوان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تین سو یونٹ بجلی استعمال کرنے والے کو مفت بجلی دینے کا اعلان کیا ہے، موٹرسائیکل اور گاڑی چلانے والے کو ایک قیمت پر پٹرول دیں ایسا نہیں ہوگا جبکہ غریب کے لئے الگ پالیسی ہوگی اور امیر کے لئے الگ پالیسی بنائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں عدم توازن کو ختم کرنا ہے پاکستان کو بدلنا ہے، ملک میں خوشحالی تب آئے گی جب گاؤں خوشحال ہوگا۔
آئی پی پی کی رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ جہانگیر ترین اور علیم خان کی قیادت میں ملک کو بدلیں گے جبکہ سیاست اور ریاست جب تک اکٹھی نہیں چلتی ملک نہیں چلے گا، آئی پی ہی عوام کو ساتھ لے کر چلے گی۔

















