اسلام آباد: نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے پولیس لائن ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
تفصیلات کے مطابق پولیس لائن ہیڈ کوارٹر آمد پر سیکرٹری داخلہ آفتاب اکبر درانی اور آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا استقبال کیا۔
اس موقع پر نگران وزیرداخلہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہداء ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جنہوں نے اپنا آج ہمارے کل پر قربان کردیا، شہادت جیسی سعادت صرف نصیب والوں کو ملتی ہے۔
دوسری جانب نگران وزیرِ داخلہ نے سنٹرل پولیس آفس کا بھی دورہ کیا اور خواتین ڈرائیونگ سنٹر کا افتتاح کیا۔
سرفراز بگٹی کو افسران کے ساتھ ملاقات میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی سی سی پی او نے وزارت داخلہ کا ہر سطح پر اسلام آباد پولیس سے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور انکو اسلام آباد پولیس کی کامیابیوں اور اقدامات کے متعلق آگاہ کیا۔
آئی سی سی پی او نے اسلام آباد میں جرائم کے حوالے سے بھی بریفنگ دی اور کہا کہ رواں سال گزشتہ سال کی نسبت کرائم میں کمی واقع ہوئی، اسلام آباد پولیس منشیات کے خلاف بھرپور مہم چلا رہی ہے۔
اس دوران غیرقانونی رہائش پذیر غیرملکیوں کی ملک بدری کا پلان بھی زیر بحث لایا گیا۔ وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو جدید تکنیکی صلاحیتوں سے لیس کیا جائے گا۔
نگران وزیر داخلہ نے اسلام آباد پولیس کو گزشتہ سال اسلام آباد میں امن و عامہ کی صورتحال کو پرامن طریقہ سے نمٹانے پر شاباش دی اور کہا کہ تمام افسران جوانمردی اور دل لگی سے فرائض ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کی بالا دستی کو ہرصورت قائم رکھا جائے گا، تمام افسران شہریوں سے شائستہ رویہ اپنائیں اور ان کے مسائل کو حل کریں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















