Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سرکاری اسکولوں کے معیار اور سہولتوں میں اضافے کیلئے کوشاں ہیں، وفاقی وزیر تعلیم

وفاقی وزیر برائے تعلیم مدد علی سندھی نے کہا ہے کہ سرکاری اسکولوں کے معیار اور سہولتوں میں اضافے کیلئے کوشاں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے تعلیم مدد علی سندھی نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے22 ویں سالانہ کانوو کیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ کالج نے ملک میں اعلی ٰتعلیم کی فراہمی میں اہم کر دار ادا کیا، علامہ اقبال کی مادر علمی میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرنا میرے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ کالج ایک ایسا ادارہ ہے کہ جس کی عمارت ڈیڑھ سو سال بعد بھی بہتر حالت میں قائم ہے، یہاں سے کئی نامور شخصیات تعلیم حاصل کر کے ملک و بیرون ملک اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں اور کئی نامور شخصیات نے یہاں سے تعلیم حاصل کر کے نہ صرف اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا بلکہ پاکستان کا نام بھی روشن کیا۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے اسمبلیوں میں بیٹھ کر عوام کے حقوق کا تحفظ کرتے ہیں، مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تعلیمی شعبے کو کلیدی کردار ادا کرنا ہو گا ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 28 سے 30 ملین بچے ابھی بھی سکولوں سے باہر ہیں،چائلڈ لیبر بچوں کی تعلیم کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے، نگران حکومت مختصر عرصے کے لئے آئی ہے،کوشش کریں گے کہ تعلیم کے شعبے کے لئے ایسے اقدامات کریں جو قابل تقلید ہوں۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ میں بنیادی طور پر قلم کار ہوں ، مجھے معلوم ہے کہ قوم کے مسائل کیا ہیں، میں نے اپنی وزارت سنبھالنے کے بعد اسلام آباد میں ایک پرائمری سکول کا دورہ کیا تو وہاں بہت سے مسائل تھے اور اسکول میں واش روم سمیت دیگر سہولیات کا فقدان تھا جسے دیکھ کر دکھ ہوا۔

تعلیمی مسائل کے حل کے لئے میں نے تمام صوبائی وزرائے تعلیم کی کانفرنس اسلام آباد بلائی ہے جس میں ہم اس بات کا تعین کریں گے کہ ہم اپنے تعلیمی اداروں کی حالت زار کیسے بہتر کر سکتے ہیں، اگر ہم نے ملک کو آگے لےکر جانا ہے تو ہمیں تمام بچوں کے لئے تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔

اس موقع پر وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اصغر علی زیدی ، سابق چیف جسٹس آف پاکستان تصدق حسین جیلانی ، بحرین کی پارلیمینٹ کے ڈپٹی سپیکر ڈاکٹر عادل بن عبد الرحمان ، قاری صہیب احمد اور نعیم طاہر سمیت فیکلٹی ممبران ، طلبہ اور ان کے والدین نے شرکت کی۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں