Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایل آر بی ٹی میں ایوسٹن انجیکشن کی فروخت اور لگانے کا معاملہ، بول حقائق سامنے لے آیا

ایل آر بی ٹی اسپتال میں ایوسٹن انجیکشن کی فروخت اور ٹیکنیشن کی جانب سے لگانے کے معاملے پر بول نیوز حقائق عوام کے سامنے لے آیا ہے۔

بول نیوز نے ایل آر بی ٹی اسپتال کی جانب سے متاثرہ مریض کو ایوسٹن انجیکشن لگانے والا نسخہ حاصل کرلیا جب کہ انتظامیہ ایوسٹن انجکشن کی فروخت کے حوالے سے انکاری ہے۔

ایوسٹن انجکشن انتظامیہ کی ملی بھگت سے فروخت کیا جاتا تھا تاہم انتظامیہ نے موقف دینے سے انکار کردیا۔

محکمہ صحت کی جانب سے بھی تاحال ایل آر بی ٹی اسپتال کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاسکی ہے۔

ایل آر بی ٹی کی جانب سے فری علاج کرنے کی آڑ میں کروڑوں کی کمائی ایوسٹن انجیکشن سے کی گئی جب کہ ایوسٹن انجیکشن کی فروخت بغیر بل کے کی گئی۔

اسپتال پہنچنے پر کہا جاتا ہے کہ آپ شوکت خانم اسپتال سے لے کر آئے گے، ہم آپ کو یہاں سے لگا دیتے ہیں ہمارے پاس بھی ایوسٹن انجیکشن دستیاب ہیں۔

نجی سوسائٹی نے ایل آر بی ٹی کو جگہ بھی فری دی اور ان سے دیگر یوٹیلٹی بلز بھی نہیں لیے جاتے، اس سب کے باوجود انتظامیہ سادہ لوح لوگوں کو لوٹنے لگی ہے۔

انجیکشن کئی ہزاروں میں فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے جب کہ انجیکشن 3 ہزار سے 20 ہزار تک فروخت کیا جاتا تھا۔ ایل آر بی ٹی میں کئی سال تک ایوسٹن انجیکشن لگائے جاتے رہے ہیں۔

بول نیوز کی جانب سے ڈی جی ڈرگ ٹیسٹنگ لیب ڈاکٹر سہیل سے رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے جواب نہیں دیا۔

دوسری جانب وزیر صحت ڈاکٹر ناصر جمال کا کہنا ہے کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو کہا ہے کہ ان کی خلاف بھی ثبوت اکٹھے کریں۔

واضح رہے کہ کئی سالوں سے انجیکشن لگتا رہا اور بکتا رہا اور محکمہ صحت خواب خرگوش کے مزے اڑاتا رہا۔