نواز شریف کی وطن واپسی کے معاملے پر شہباز شریف سے پارٹی رہنماؤں کی اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے سعید احمد خان منہیس، آصف سعید منہیس، طلال چوہدری، خواجہ احمد حسن، رانا احسان افضل اور ملک محمد احمد خان کی الگ الگ ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں قائد محمد نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کی تیاریوں پر بات ہوئی۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور عام انتخابات کے حوالے سے امور بھی زیر غور آئے، پارٹی رہنماؤں نے اپنے اپنے علاقوں میں 21 اکتوبر کے لئے ہونے والی تیاریوں سے متعلق آگاہ کیا۔
سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی سے عوام میں ایک نئی امید، حوصلہ اور امنگ جاگی ہے، نواز شریف نے ہر بار نظام بہتر بنایا، بہتر چلایا اور عوام کو اس بہتری کا ثمر ملا، نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں کا تسلسل رہتا تو آج مہنگائی ہوتی اور نہ یہ بحران ہوتا، آج پاکستان میں یہ حالات کیوں ہیں؟ 2018 سے 2022 کا دور اس کا جواب ہے۔
علاوہ ازیں پارٹی رہنماؤں نے 21 اکتوبر کو قائد محمد نوازشریف کے بھرپور اور تاریخی استقبال کا عزم کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) 21 اکتوبر کو نواز شریف کے استقبال کے لئے تیاریوں میں مصروف ہے اور اس حوالے سے نوازشریف نے مرکزی قیادت کو استقبال کے لئے کام سونپ دیا ہے اور کوشش ہورہی ہے کہ استقبالیہ جلسے میں زیادہ سے زیادہ لوگ پہنچيں۔
نواز شریف 21 اکتوبر کو لندن سے واپس پاکستان کے لئے روانہ ہوں گے، نوازشریف چارٹرڈ کے بجائے مسافر طیارے کے ذریعے پاکستان آئیں گے جس کے لئے انہوں نے ٹکٹ بھی بک کروا لی ہے۔
نواز شریف 21 اکتوبر کو لندن سے ابوظہبی انٹرنیشنل ایئر پورٹ لینڈ کریں گے اور اس ہی دن وہ ابو ظہبی سے لاہور کے لیے بھی روانہ ہوں گے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















