مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ دین اسلام انسانیت کی فلاح کا مذہب ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے دربار موہڑہ شریف کے سالانہ عرس میں خواتین سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام انسانیت کی فلاح کا مذہب ہے،اسلام اپنے ماننے والوں کو ایک دوسرے کے ساتھ اخوت، ہمدردی، ایثار، قربانی اور محبت کا حکم دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ برصغیر پاک و ہند میں اسلام کی اشاعت کے لئے اولیاء کرام و مشائخ عظام کی لازوال قربانیاں ہیں، موہڑہ شریف نے اسلام اور انسانیت کے لیے بہت کام کیا ہے،اپنی خواہشوں کو ختم کر کے اللہ سے رشتہ قائم کرنا اولیاء کرام کا اعزاز ہے۔
مشعال ملک نے یہ بھی کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر کے ساتھ موہڑہ شریف کا گہرا تعلق ہے ، پیر موہڑہ شریف نے کشمیر میں اسلام کی خدمت، امن و محبت کا پیغام پھیلایا ، اسلام نے عورت کو معاشرے میں نہ صرف جینے کا حق دیا، بلکہ اسے اس کا جائز مقام دلوایا اور مردوں پر عورتوں کے متعدد حقوق عائد کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ کی تعلیمات، ان کی جدو جہد و کردار خواتین کے لئے مشعل راہ ہے ، آج موہڑہ شریف میں خواتین کو جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے جا رہے ہیں جو خوش آئند بات ہے۔
مشعال ملک نے کہا کہ جس طرح بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کو فروغ دے رہی ہے اسی طرح اسرائیل بھی فلسطین میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔
نگران وزیر اعظم کی معاون خصوصی مشعال حسین ملک نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی طرح فلسطین میں بھی مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جا رہا ہے، انہوں نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین تنازعہ کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















