نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان نےکہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کو مضبوط کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی زیر صدارت لوکل کونسل گرانٹ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں لوکل کونسل فائنانس کمیشن سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کو ایل سی جی سی سے متعلق مسائل ، فنڈز کی تقسیم اور مجوزہ تقسیم کار فارمولہ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ بلوچستان میں 907 مقامی بلدیاتی ادارے فعال ہیں ، مجموعی طور پر مخصوص نشستوں سمیت 11 ہزار بلدیاتی نمائندے منتخب ہوئے ہیں
بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا گیا کہ کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات ہونا باقی ہیں ، چاروں ٹاؤن زون مجموعی اکھٹا ہونے والے کوڑے کا نصف ٹھکانے لگانے کی استعداد کار رکھتے ہیں۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ شہر کے چاروں زون سے کوڑا ہٹانے کے لئے خصوصی ڈرائیو شروع کی جائے ، خصوصی مہم کے لئے مطلوبہ فنڈز کا اجراء کردیا گیا ہے۔
میر علی مردان خان ڈومکی نے یہ بھی کہا کہ میونسپل سروسز کو بہتر بنا کر عوام کو مسائل سے نجات دلائی جائے جبکہ آئندہ جائزہ اجلاس میں کارکردگی اور عمل درآمد رپورٹ پیش کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی اداروں کو مضبوط کرنا وقت کی ضرورت ہے، عوام کے بنیادی مسائل کے حل میں بلدیاتی اداروں کا کردار کلیدی ہے۔
نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کا مزید کہنا تھا کہ نگران صوبائی حکومت اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے بلدیاتی اداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















