Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نواز شریف کے استقبال کیلئے جلسے میں قافلوں کی آمد کا پلان فائنل

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کے لئے جلسے میں قافلوں کی آمد کا پلان فائنل کرلیا گیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق جلسہ گاہ میں لاہور سمیت پنجاب اور ملک بھر کے مختلف قومی اور صوبائی حلقوں کے رہنما قافلوں کی صورت جلسہ گاہ پہنچیں گے جبکہ لاہور سے قومی وصوبائی حلقوں سے مقامی رہنما سابق ارکان اسمبلی و ٹکٹ ہولڈرز کو مجموعی طور پر 1لاکھ 5 ہزار کارکنان لانے کا ٹاسک سونپا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ لاہور کے علاقے ڈیفنس اور والٹن روڈ سے خواجہ سعد رفیق اپنے قافلے کے ہمراہ جلسہ گاہ مینار پاکستان پہنچیں گے جبکہ شیخ روحیل اصغر اپنے حلقہ داروغہ والا سے قافلے کی قیادت کرتے ہوئے جلسہ گاہ آئیں گے اور سردار ایاز صادق اپنے حلقے کے کارکنان کے ہمراہ قافلے کی صورت میں گڑھی شاہو سے جلسہ گاہ آئیں گے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہدرہ سے سابق رکن قومی اسمبلی ملک ریاض قافلے کی قیادت کرتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچیں گے، بادامی باغ سے سابق رکن پنجاب اسمبلی غزالی سلیم بٹ قافلے کی قیادت میں جلسہ گاہ پہنچیں گے۔

اس کے علاوہ ٹھوکر نیاز بیگ اور جوہر ٹاؤن سے ملک سیف الملوک کھوکھر اور فیصل کھوکر اپنے حلقوں کے قافلوں کی قیادت کرتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچیں گے، گلشن راوی سے رانا مشہود احمد قافلے کی قیادت میں حلقے کے کارکنان کے ہمراہ جلسہ گاہ پہنچیں گے جبکہ سابق صوبائی وزیر بلال یاسین اپنے حلقے موہنی روڈ اور بلال گنج سے کارکنان کے ہمراہ جلسہ گاہ پہنچیں گے۔

ذرائع کے مطابق لیگی رہنما رانا مبشر کاہنہ اور گجومتہ سے قافلے کی قیادت کرتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچیں گے جبکہ سہیل شوکت بٹ اپنے حلقے کے کارکنان کے ہمراہ قافلے کی صورت میں جلسہ گاہ پہنچیں گے اور شائستہ پرویز ملک ٹاؤن شپ سے خواتین ونگ کے قافلے کی قیادت کرتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچیں گی۔

علاوہ ازیں رمضان صدیق بھٹی، غلام حبیب اعوان، ملک وحید احمد اپنے اپنے حلقہ سے قافلوں کی قیادت میں جلسہ گاہ پہنچیں گے جبکہ علی پرویز ملک، چوہدری شہباز، خواجہ عمران نذیر سنگھ پورہ سے قافلوں کی صورت میں روانہ ہوں گے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ حنا پرویز بٹ ماڈل ٹاؤن سے یوتھ ونگ کے قافلے کے ہمراہ جلسہ گاہ روانہ ہوں گی اور خواتین ونگ کی ضلعی صدر سعدیہ تیمور اور انوشے رحمان خواتین کے قافلے کی قیادت کرتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچیں گی۔

نواز شریف کی وطن واپسی

پاکستان مسلم لیگ (ن) 21 اکتوبر کو نواز شریف کے استقبال کے لئے تیاریوں میں مصروف ہے اور اس حوالے سے نوازشریف نے مرکزی قیادت کو استقبال کے لئے کام سونپ دیا ہے اور کوشش ہورہی ہے کہ استقبالیہ جلسے میں زیادہ سے زیادہ لوگ پہنچيں۔

نواز شریف 21 اکتوبر کو لندن سے واپس پاکستان کے لئے روانہ ہوں گے۔ نوازشریف چارٹرڈ کے بجائے مسافر طیارے کے ذریعے پاکستان آئیں گے جس کے لئے انہوں نے ٹکٹ بھی بک کروا لی ہے۔

نواز شریف 21 اکتوبر کو لندن سے ابوظہبی انٹرنیشنل ایئر پورٹ لینڈ کریں گے اور اس ہی دن وہ ابو ظہبی سے لاہور کے لیے بھی روانہ ہوں گے۔

5  اکتوبر 2023 کو نواز شریف نے 21 اکتوبر کو وطن واپسی کے موقع پر شاندار استقبال کے حوالے سے اب تک کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور لاہور سے ہی کم از کم پانچ لاکھ کارکنوں کو مینار پاکستان لانے کی ہدایت دی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے لاہور سے کم از کم پانچ لاکھ کارکنوں کو مینار پاکستان لانے کی ہدایت دی ہے اور حمزہ شہباز سمیت لاہور کے تمام ٹکٹ ہولڈرز کو روزانہ کی بنیاد پر حلقوں میں کارنرز میٹنگز اور ورکرز کنونشن کی ہدایت دی گئی۔

نواز شریف نے خدمت کو ووٹ دو کے بیانیے کو عملی شکل دینے کی بھی ہدایت کردی اور کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہمیں بہت محنت کرنا پڑے گی۔

بعدازاں نواز شریف کی ایئرپورٹ سے مینار پاکستان جلسہ گاہ آمد کے لئے 2 پلان ترتیب دیے گئے ہیں، ایک پلان کو اے اور دوسرے کو پلان بی کا نام دیا گیا ہے، لاہور ایئرپورٹ پر مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما پارٹی قائد کا استقبال کریں گے جبکہ پلان اے کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو لاہور ایئر پورٹ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے جلسہ گاہ لایا جائے گا۔

مینار پاکستان پر جلسے کے پنڈال میں 3 منزلہ اسٹیج تیار کیا جائے گا، پہلی منزل پر پارٹی قائد نواز شریف شہباز شریف اور مریم نواز سمیت پارٹی کے مرکزی عہدیداران کے لیے مختص ہو گی جبکہ دوسری منزل پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور سابق وفاقی وزراء کے لئے مختص ہو گی جبکہ تیسری منزل پر پارٹی کے دیگر سینئر رہنماؤں کے بیٹھنے کے لئے انتظامات کیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ اس وقت مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سعودی عرب میں موجود ہیں جبکہ 14 اکتوبر کو دبئی روانہ ہوں گے اور دبئی سے چائنہ اور قطر جانے کا بھی امکان ہے۔

اس کے علاوہ نوازشریف 21 اکتوبر کو دبئی سے لاہور کے لئے روانہ ہوں گے جبکہ ان کی حفاظتی ضمانت کے لئے 19 اکتوبر کو لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کیے جانے کا امکان ہے۔

نوازشریف 21 اکتوبر شام 7 بجے لاہور پہنچیں گے، نوازشریف حفاظتی ضمانت ملنے پر لاہور ایئر پورٹ سے سیدھا مینار پاکستان پہنچیں گے اور ان کے استقبال کے لئے ملک بھر سے قافلے 4 بجے تک لاہور مینار پاکستان پہنچیں گے۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں