نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ملک میں مزید شپ یارڈز کی تعمیر کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت پاکستان میں بحری جہازوں کی تعمیر کے پالیسی بورڈ کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ملک میں شپ یارڈز کی تعمیر کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں سور بندر، ایسٹ بے، کپّر اور پشو خان کے مقامات پر شپ یارڈز تعمیرکی جا سکتی ہیں۔
انوار الحق کاکڑ نے متعلقہ حکام کو ملک میں مزید شپ یارڈز کی تعمیر کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔
نگراں وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو شپ یارڈز کی تعمیر کے منصوبوں میں ماحولیاتی عنصر کو ملحوظ خاطر رکھنے اور متعلقہ حکام کو ساحلی علاقوں میں غیر قانونی ٹرالنگ کی روک تھام کے لیے موثر حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔



















