Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

 ساہیوال میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا، محسن نقوی

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ ساہیوال میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ساہیوال شہر میں کارڈیالوجی ہسپتال نہیں ہے، ساہیوال میں کارڈیالوجی ہسپتال بنانے کے لئے 180بیڈز پر مشتمل ایک بلڈنگ کا معائنہ کر لیا ہے، ہماری کوشش ہے کہ ساہیوال کارڈیالوجی ہسپتال جلد از جلدفنکشنل کر دیں

انہوں نے کہا کہ شہر250 ملین ڈالر کا پراجیکٹ تین چار سال سے زیر التوا ہے جو دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے، شہر پر250ملین ڈالر اچھی طرح سے خرچ ہو گئے تو شہر کا نقشہ بدل جائے گا۔

محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ ساہیوال میں این5 برج زیر التواء ہے،40کروڑ روپے درکار تھے جو فوری جاری کررہے ہیں تاکہ برج جلد از جلد مکمل ہو۔ ساہیوال میں این5برج دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا، قدیم تہذیب ہڑپہ کی حالت خستہ ہے وہ بہتر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ساہیوال ڈویژن میں 73ہزارسرکاری ایکڑزمین لوگوں کے پاس ہے جس کا ایک روپیہ بھی معاوضہ نہیں مل رہا، ایسے نہیں ہو سکتا کہ حکومتی زمین رکھیں اور کرایہ نہ ادا کریں،ہم سرکاری زمین کا کرایہ وصول کریں گے۔

 نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ شہر کو ریلیف دینے کے لئے جتنا کام کرسکے،کریں گے، ساہیوال میں چاول کی فصل کی باقیات کو جلانے سے روکا جائے،میڈیا بھی اس ضمن اپنا کردار ادا کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ فصلوں کو جلانے سے سموگ میں اضافہ ہوتا ہے جس کا ہر ایک کی صحت پر برا اثر پڑتا ہے، ساہیوال میں ہسپتالوں کی فنڈنگ کے مسئلے کو جلد حل کریں گے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکپتن اور اوکاڑہ نے اپنی مدد آپ کے تحت سیف سٹی کا نظام قائم کررکھا ہے جو قابل تحسین ہے، ساہیوال میں ڈاکٹر زکی کمی کو جلدپورا کیا جائے گا اورادویات کی دستیابی کے ایشو کو بھی حل کریں گے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مزید کہا کہ صحافی برادری کی بہتری کے لئے کام کررہے ہیں، ساہیوال میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا جبکہ ساہیوال ہسپتال میں ایم آر آئی کی سہولت جنوری تک شہریوں کو مہیا کر دی جائے گی۔

متعلقہ خبریں