Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نواز شریف اپنے تجربے سے پاکستان کو مشکل سے نکالیں گے ، سعد رفیق

سعد رفیق نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف اپنے تجربے سے پاکستان کو مشکل سے نکالیں گے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سعد رفیق نے مسلم لیگ ن ورکرز کنوینشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف کی واپسی پر کارکنوں کا جذبہ متاثر کن ہے، انشاء اللہ میاں نواز شریف اکیس اکتوبر کو پاکستان آئینگے۔

انہوں نے کہا کہ عوام جانتی ہے جب بھی لوگوں نے نواز شریف کو ووٹ دیا انہوں نے کبھی عوام کو مایوس نہیں کیا، یہ الگ بات ہے نواز شریف کو کبھی کام نہیں کرنے دیا گیا اور نواز شریف کے راستے میں ہر دفعہ رکاوٹیں ڈالی گئیں۔

سعد رفیق نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں حکومتیں بنتی ہیں تو سازشوں کا آغاز ہوجاتا ہے، کون سی مشکلات ہیں جو ن لیگ نے نہیں دیکھیں؟ ہم سب کو جیلوں میں ڈالا گیا تھا وقت ایک جیسا نہیں رہتا۔

ان کا کہنا تھا کہ غلام سرور خان کے ایک بیان سے پی آئی اے کو پچاس سے ساٹھ ارب روپے کا نقصان پہنچا، پی آئی اے کو دو سے تین ماہ میں دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرینگے۔

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے ملک کو مشکل سے نکالنا ہے اسکے لئے نواز شریف کی ضرورت ہے، سولہ مہینے حکومت لینا مشکل فیصلہ تھا لیکن ریاست کا سوال تھا سیاسی نقصان برداشت کیا۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے جو ہمارے ساتھ کیا وہ پوری دنیا نے دیکھا۔ سیاست دان کا کام راستے بند کرنا نہیں ہوتا، سیاست دان کا کام راستہ بنانا ہوتا ہے۔

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سعد رفیق نے مزید کہا کہ اکتیس اکتوبر کو مینار پاکستان سے پیغام دینا ہے پاکستانی جمہوریت پسند ہیں جبکہ میاں نواز شریف اپنے تدبر اور تجربے سے پاکستان کو مشکل سے نکالیں گے ، اکیس اکتوبر کو لاہور میں نواز شریف کا فقید المثال استقبال کیا جائے گا۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں