کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں معتدل اور کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہوا نے موسم سرما کا آغاز کردیا، آج صبح سے ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہورہی ہے، جس کے باعث موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں آج مطلع جزوی ابر آلود جبکہ کچھ علاقوں میں مکمل ابر آلود رہے گا، شہر میں شام اور رات کے اوقات میں کہیں کہیں ہلکی بوندا باندی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 24.3 ریکارڈ کیا گیا جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری تک رہنے کی توقع ہے۔
شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب دن کے اوقات میں اوسطاً 80 جبکہ شام میں 65 فیصد رہے گا، تاہم مغربی اور جنوب مغربی سمت سے ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
گزشتہ رات شہر کے شمالی، وسطی، مشرقی اضلاع سمیت مضافاتی علاقوں میں تیز گرد آلود ہوائیں چلیں، جبکہ کراچی کے چند مقامات صدر، ایم اے جناح روڈ، گرومندر، جیل روڈ، جہانگیر روڈ سمیت دیگر میں بوندا باندی بھی ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے سلسلے کے زیر اثر کل کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے، تاہم بارشوں کا سلسلہ 17 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
ملک بھر میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک میں بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں بارشوں اور برفباری کا نیا سسٹم داخل ہونے جارہا ہے، 14 سے 17 اکتوبر کے دوران ملک میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ پہاڑی علاقوں پر برفباری کا امکان ہے۔
13 سے 17 اکتوبر تک سوات مانسہرہ، مالاکنڈ، ایبٹ آباد، کشمیر، گلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ 13 سے 17 اکتوبر تک پنجاب میں لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، گوجرانولہ سمیت کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق 17 اور 18 اکتوبر کو سندھ اور بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، تاہم چترال، سوات، مری سمیت پہاڑی علاقوں میں پانی کا بہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ لاہور، راولپنڈی اور گوجرانولہ میں بھی اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت بھی جاری کردی ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں




















