مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نوازشریف معیشت کی بحالی، تعمیر اور ترقی کے دور کا نام ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف کی ایف پی سی سی آئی کے نمائندوں سے ملاقات ہوئی جس میں مریم نوازشریف نے پاکستان کی معاشی بحالی کے لئے پارٹی قائد نوازشریف کے وژن سے کاروباری برادری کو آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا ایجنڈا معیشت کی بحالی، قرض پر چلنے والی معیشت اور عوام کو مہنگائی سے چھٹکارا ہے ، مسلم لیگ (ن) نے اکنامک لبرالائزیشن، پرائیویٹائزیشن اور ڈی ریگولیشن کی پالیسیوں پر عمل کیا۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے یہ بھی کہا کہ بیوروکریسی ،ایف بی آر کی اصلاح کریں گے، نیب کے انتقام کا خاتمہ کر کے کاروباری برادری کے تحفظات دور کریں گے، نوازشریف میثاق معیشت کو تعبیر دے گا جبکہ اداروں کی پھر سے تعمیر کرے گا۔
مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ 90 کی دہائی سے 2013 سے 2018 تک کے وزیراعظم نوازشریف کے ہر دور میں پاکستانی معیشت اور عوام کی زندگی بہتر ہوئی، نوازشریف کی آمد کا مطلب کاروبار کا چلنا، صنعت اور تجارت کا دوبارہ زندہ ہونا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف نے نوے کی دہائی میں معیشت اور کاروبار کو کو حکومتی زنجیروں سے آزاد کیا جبکہ اب نواز شریف کاروباری، صنعتکار اور تاجر برادری کو مراعات دیں گے، سرکار نہیں عوام اور نجی شعبہ کاروبار کرے گے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف معیشت کی بحالی، تعمیر اور ترقی کے دور کا نام ہے، نواز شریف کی قیادت میں کاروبار کرنے کی آسانی پیدا کی جائے گی، چھوٹے کاروبار کی حوصلہ افزائی کریں گے
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے یہ بھی کہا کہ نوازشریف نے دہشت گردی کا خاتمہ کرکے امن دیا جس سے معاشی ترقی ہوئی ، 2013 میں دہشت گردی تھی، کاروبار ، روزگار اور زندگی کا پہیہ رُک چکا تھا،
ان کا کہنا تھا کہ جب ہر روز بم پھٹتے تو کہتے تھے کہ یہاں کون سرمایہ کاری کرے گا،تب نوازشریف سی پیک لایا، زراعت اور کسان کی ترقی نوازشریف کے دور میں ہوئی جس سے زرعی پیداوار میں اضافہ ہوا۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ نوازشریف نے توانائی کے بحران ختم کئے، ایل این جی ٹرمینلز بنائے ، کسان کو زرعی ٹیوب ویلز پر رعایتی بجلی دی اور ٹیکسٹائل انڈسٹری کو خصوصی مراعات دیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں متبادل توانائی کے ذرائع کو ترقی دے کر ایندھن کا درآمدی بل کم کریں گے، میکرو اکنامک اصلاحات کریں گے جبکہ سی پیک کی رفتار تیز اور برآمدات بڑھائیں گے
مریم نوازشریف نے یہ بھی کہا کہ 2018 سے 2022 کی تباہی نے ملک کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں جبکہ نوازشریف نے 2016 میں آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کیا، معیشت چلائی اور مہنگائی بھی نہ ہونے دی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ کا واحدآئی ایم ایف پروگرام صرف وزیراعظم نوازشریف نے پورا کیا اور آئی ایم ایف کو خداحافظ کہا تھا،16 ماہ کی مختصر ترین مخلوط حکومت میں وزیراعظم شہبازشریف نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف کا مزید کہنا تھا کہ آئی ٹی، زراعت، معدنیات، توانائی سمیت دیگر شعبوں کی مثالی اور تیز ترین ترقی کا پلان تیار ہے ، نوجوانوں اور خواتین کو معاشی اور تعلیمی طورپر مواقع دیں گے، لیپ ٹاپ، ہنر، کاروبار کے لئے وسائل دیں گے جبکہ نوجوانوں، خواتین، مزدوروں، کسانوں، صنعتکاروں، تاجروں سمیت تمام طبقات کو ریلیف دیں گے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















