Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور مراکش کے درمیان تعلقات مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں، صدر مملکت

صدر مملکت نے کہا ہے کہ پاکستان اور مراکش کے درمیان تعلقات مشترکہ تاریخ و مفادات پر مبنی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے مراکش میں پاکستان کے نامزد سفیر محمد سمیع الرحمان کی ملاقات ہوئی جس میں صدر مملکت نے مراکش کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور معیشت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور مراکش کے درمیان تعلقات مشترکہ تاریخ و مفادات پر مبنی ہیں ، دونوں ممالک کو دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کیلئے اعلیٰ سطحی دوروں کے تبادلے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے یہ بھی کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی صورت میں سرمایہ کاری راغب کرنے کیلئے تشکیل دی گئی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ مراکش پاکستان کے کاروبار دوست ماحول سے فائدہ اٹھا سکتا ہے، پاکستان کے نامزد سفیر مراکش میں پاکستانی برآمدات بڑھانے کیلئے کام کریں۔

قبل ازیں جنیوا میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر بلال احمد نے بھی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ نامزد سفیر قومی مفادات اور ترجیحات کے تحفظ کیلئے اقوام متحدہ کے ساتھ پاکستان کے مثبت تعلقات بڑھائیں ، پاکستانی صحت عامہ کے نظام کی استعداد کار بڑھانے کیلئے عالمی ادارہ صحت کے ساتھ تعلقات پر توجہ دیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ لیبر کا معیار برقرار رکھنے کیلئے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے ساتھ روابط بڑھانے کی ضرورت ہے، اسلامو فوبیا ، کشمیریوں اور فلسطینی عوام کی حالت زار جیسے مسائل پر امت مسلمہ کی آواز کو پیش کرنے کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ نامزد سفیر بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کریں ، مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مظالم کو اجاگر کریں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نامزد سفراء کیلئے مستقبل کی ذمہ داریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار  بھی کیا۔

متعلقہ خبریں