Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے،جلیل عباس جیلانی

نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نےکہا ہےکہ پاکستان فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے آج جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اختتامی وزارتی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کی، یہ اجلاس پاکستان اور سعودی عرب نے مشترکہ طور پر بلایا تھا۔

اجلاس میں غزہ کے بحران اور وہاں محصور شہریوں کی انسانی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اپنے خطاب میں نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے غزہ پر اسرائیلی جارحیت و غیر انسانی ناکہ بندی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستان فلسطین پر حملےکی پر زور الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

جلیل عباس جیلانی نے گزشتہ روز غزہ کے ایک ہسپتال پر اسرائیلی حملے میں بے گناہ شہریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی اور زور دیا کہ اسرائیلی قابض افواج بین الاقوامی انسانی اور انسانی حقوق کے قانون کی صریح خلاف ورزی کر رہی ہیں۔

نگران وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کی بدولت سیکڑوں فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ اسرائیل بےگناہ افراد کا خون بہا رہا ہے، اسرائیلی قابض افواج کا طاقت کا اندھا دھند اور غیر متناسب استعمال جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے مترادف ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسجد اقصیٰ مسلمانوں کے مقدس مقامات میں سے ایک ہے اور اسرائیلی فورسز مسجداقصیٰ کی بےحرمتی میں ملوث ہیں جبکہ پاکستان نے ہمیشہ مسئلہ فلسطین پر اوآئی سی کا ساتھ دیا ہے، پاکستان فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

نگران وزیر خارجہ نے عالمی برادری سے اسرائیل کے اس کے جرائم پر احتساب کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اقوام متحدہ مسئلہ فلسطین کوفوری حل کرے۔

جلیل عباس جیلانی نے غزہ میں تیز رفتار، محفوظ اور غیر محدود انسانی اور امدادی سامان کی فراہمی کے لیے انسانی ہمدردی کی راہداریوں کی فوری ضرورت پر زور دیا۔

نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے جون 1967 سے پیشگی سرحدوں اور القدس الشریف کو بطور دارالحکومت, فلسطین کی ایک قابل عمل، محفوظ، متصل اور خودمختار ریاست کے جلد قیام پر بھی زور دیا۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں