Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نگران وزیراعلیٰ پنجاب سے نیول چیف کی ملاقات؛ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کی ملاقات ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نیول چیف نوید اشرف سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی اور پاکستان نیوی کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

ملاقات میں میری ٹائم انڈسٹری کے حوالے پنجاب کی صنعتوں کی ڈیمانڈ پر بھی بات چیت ہوئی۔

دوران ملاقات نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ کے جانبازوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کی سمندری حدود کا دفاع کیا۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ میری ٹائم انڈسٹری میں پنجاب کی متعلقہ صنعتوں کے پوٹینشل کا فائدہ اٹھائیں گے۔

3 اکتوبر 2023 کو امیرالبحر ایڈمرل نوید اشرف کو پاک بحریہ کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے پاک بحریہ کے 23 ویں سربراہ کی حیثیت سے کمان سنبھال لی تھی۔

7 اکتوبر کو پاک بحریہ کی تبدیلی کمانڈ کی پروقار تقریب پی این ایس ظفر اسلام آباد میں منعقد ہوئی تھی جس میں ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاک بحریہ کی کمان ایڈمرل نوید اشرف کے حوالے کی تھی۔

امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف ہلالِ امتیاز (ملٹری)، تمغہ بسالت پاک بحریہ کے 23ویں سربراہ ہیں۔

ایڈمرل نوید اشرف کون ہیں؟

ایڈمرل نوید اشرف نے 1989 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔

امیرالبحر ایڈمرل نوید اشرف نے جرمنی اور پاکستان میں ابتدائی بحری تربیت کامیابی سے مکمل کی۔ پاکستان میں بحری تربیت میں غیرمعمولی کارکردگی پر انہیں قائداعظم گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔

ایڈمرل نوید اشرف پاکستان نیوی وار کالج لاہور، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں۔امیر البحر نیول اسٹاف کالج امریکہ اور رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز برطانیہ سے بھی فارغ التحصیل ہیں۔

ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے شاندار نیول کیریئر کے دوران متعدد کمانڈ اور اسٹاف تقرریوں پر خدمات انجام دیں۔

امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف کے شاندار کیرئیر میں 10 سالہ کمانڈز کا وسیع تجربہ شامل ہے۔ کمانڈز تجربے میں گن بوٹ، مائن ہنٹر، تین تباہ کن جہازوں، 25ویں اور 18ویں ڈسٹرائر اسکواڈرنز کی کمانڈز شامل ہیں۔

ایڈمرل نوید اشرف کو پاکستان نیول اکیڈمی اور پاکستان نیوی فلیٹ کی کمانڈ کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

اہم اسٹاف تقرریوں میں فلیٹ ہیڈکوارٹر میں فلیٹ آپریشنز آفیسر، ہیڈکوارٹر فلیگ آفیسر سی ٹریننگ میں کیپٹن ٹریننگ شامل ہے۔

اتحادی بحری فورسز کے نیوسینٹ ہیڈکوارٹر بحرین میں ٹاسک فورس 151 کے چیف اسٹاف آفیسر رہے۔

اس کے علاوہ امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف نائب صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور نیول سیکرٹری بھی رہے۔

ایڈمرل نوید اشرف ڈائریکٹر جنرل سی فور آئی یا کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن، کمپیوٹرز اور انٹیلی جینس رہے۔ وہ ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز)، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ٹریننگ اینڈ پرسنیل) رہے۔

ایڈمرل نوید اشرف ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ایڈمن)، نائب صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے عہدوں پر تعینات رہے۔ وہ نیول چیف نامزدگی سے قبل نیول ہیڈکوارٹرز میں چیف آف اسٹاف کے عہدے پر تعینات تھے۔

ایڈمرل نوید اشرف کو غیر معمولی پیشہ ورانہ خدمات، بہادری کے اعتراف میں ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بسالت سے نوازا جا چکا ہے۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں