قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کا مالی بحران شدت اختیار کر گیا ہے جس کی وجہ سے اندرون ملک 16 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ متعدد قومی پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کے مالی بحران کے باعث فلائٹ آپریشن بدستور متاثر ہے، طیاروں کی کمی کی وجہ سے اندرون ملک جانے والا فلائٹ آپریشن متاثر ہو رہا ہے۔
کراچی اسلام آباد کی 3 پرواز پی کے 300، پی کے 308 اور پی کے 340 منسوخ ہوگئی ہیں جبکہ اسلام آباد کراچی کی 2 پروازیں پی کے 301، پی کے 369 بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ لاہور سے کراچی کی 2 پروازیں پی کے 303 اور پی کے 307 بھی منسوخ کی گئی جبکہ کراچی لاہور کی 3 پروازیں کے 302، پی کے 304 اور پی کے 306 بھی منسوخ ہیں۔
کراچی سے گوادر، بہاولپور، فیصل آباد کی دوطرفہ 6 پروازیں منسوخ بھی منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ سیالکوٹ سے مسقط کی دوطرفہ پروازیں بھی منسوخ ہیں۔
لاہور اور اسلام آباد سے کوئٹہ جانے اور آنے کی 4 پروازیں، اسلام آباد سے جدہ جانے اور آنے کی 2 پروازیں اور دوحہ سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 288 بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ قومی ایئر لائن کیلئے فضائی آپریشنز جاری رکھنا مشکل ہو گیا ہے جبکہ نگران حکومت نے 23 ارب روپے کی امداد سے بھی انکار کر دیا ہے، تاہم قرض کی درخواست مسترد ہونے کے بعد پی آئی اے لیز شدہ طیاروں کی لیز کی اقساط ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔
یاد رہے کہ قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے انتہائی ضروری پروازیں آپریٹ کرنے کے لئے پی ایس او کو قبل ازوقت 22 کروڑ روپے کی ادائیگی کی تھی۔
بعدازاں پی آئی اے اور پی ایس او تنازعہ شدت اختیارکر گیا، جس کے باعث پی آئی اے کی پروازیں بری طرح متاثر ہے تاہم اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نجی ایئر لائنز نے کرایوں میں اضافہ کردیا۔
کراچی تا لاہور نجی ایئر لائنوں نے 35 ہزار سے 49 ہزار تک کرائے وصول کیے گئے جبکہ کراچی سے اسلام آباد کا یکطرفہ کرایا 55 ہزار سے 61 ہزار روپے تک بھی وصول کیے گئے۔
اس حوالے سے نجی ایئر لائن کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے پی آئی اے کا ڈومیسٹک پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر تھا، اضافی رش کی وجہ سے ڈیمانڈ اینڈ سپلائی میں فرق پڑا ہے۔
پی آئی اے کو ایک سال میں کتنا خسارہ ہوا؟
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی آڈٹ رپورٹ کے مطابق 2021 میں انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک 23 ہزار 636 پروازیں شیڈول تھیں۔ 4 ہزار 305 پروازیں منسوخ ہونے سے قومی ایئرلائن کو 19 ارب 37 کروڑ روپے سے زائد کا خسارہ ہوا۔
آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پی آئی اے کی جنوری میں 260 اور فروری میں 273 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ مارچ میں 274، اپریل میں 343 اور مئی میں 538 فلائٹس کینسل ہوئیں۔
جون کی بات کی جائے تو 496، جولائی میں 420 اور اگست میں سب سے زیادہ 603 پروازوں کو منسوخ کیا گیا جبکہ ستمبر میں 316، اکتوبر 375، نومبر میں 201 اور دسمبر میں منسوخ پروازوں کی تعداد 206 رہی، تاہم پی آئی اے کی جانب سے پلاننگ کے فقدان کے باعث 18 فیصد پروازیں منسوخ ہوئیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔



















