نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے، اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے جبکہ حکومت ہاکی کے فروغ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے آرمی ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام 67ویں قومی سینئر ہاکی چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قوم کی پہچان ثقافت اور کھیلوں سے ہوتی ہے، ماضی قریب میں پاکستان کی ہاکی ٹیم کا دنیا میں انتہائی نمایاں مقام تھا لیکن مختلف وجوہات کی بناء پر یہ بتدریج کم ہوتا چلا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آج مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی ہے کہ اس کھیل میں ایک بار پھر جان پڑ گئی ہے، اس وقت کی پاکستان کی آبادی 60 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے اور نوجوان کسی بھی قوم کے مستقبل کی ضمانت ہوتے ہیں۔
انوار الحق نے یہ بھی کہا کہ نوجوانوں کیلئے کھیلوں کے بہترین میدان اور سامان کی فراہمی صرف حکومت پاکستان کی ہی ذمہ داری نہیں بلکہ اس میں تمام نجی اداروں اور کمپنیوں کو بھرپور شمولیت اختیار کرنی چاہئے تاکہ یہ نوجوان ملکی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کر سکیں۔
نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ بات انتہائی خوش آئند ہے کہ آرمی ویلفیئر ٹرسٹ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہاکی کے فروغ کیلئے کوششوں کو جاری رکھا ہوا ہے اور کامیابی کے ساتھ 67ویں قومی سینئر ہاکی چیمپئن شپ کا انعقاد یقینی بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آرمی ہیرٹیج فائونڈیشن اور پاکستان ہاکی فیڈریشن سمیت تمام ڈیپارٹمنٹس، امپائرز اور کھلاڑی اسی جذبے کے ساتھ پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کے فروغ میں اپنا اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔
انوار الحق کاکڑ نے یہ بھی کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے ہیروز کا معاشرے میں جو جائز مقام ہے وہ انہیں ملنا چاہئے، ہمارے پاس اسکواش میں جہانگیر خان اور جان شیر خان جیسے بڑے نام ہیں، نئے کھلاڑیوں کو تاکید ہے کہ وہ ہمارے ہاکی لیجنڈز کی پیروی کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ انسان منزل کا تعین کر لے پھر بھرپور جذبے، لگن، محنت اور تسلسل کے ساتھ جدوجہد کرے تو وہ کبھی ناکام نہیں ہوتا، ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے، کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے۔
انوار الحق نے کہا کہ اگر ہمارے ملک کے 24 کروڑ افراد اقوام عالم میں سب سے نمایاں ہونے کا فیصلہ کر لیں تو یہ سب سے نمایاں ہوں گے لیکن اس کیلئے شرط یہ ہے کہ ہم جذبے اور لگن کے ساتھ آگے بڑھیں، ہم تمام کارپوریٹ شعبوں کو ہاکی کے فروغ کیلئے متحرک کریں گے اور حکومت بھی ہاکی کے فروغ کیلئے اقدامات کرے گی۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ ہاکی سپر لیگ کا آئیڈیا بہت اچھا ہے، جس طرح کرکٹ سپر لیگ ہوتی ہے اسی طرح ڈویژن اور پھر شہروں کی سطح پر بھی ہاکی کو فروغ ملنا چاہئے، نجی شعبہ کی بھی اس حوالے سے حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ ہاکی کے کھیل کو حکومت کی بھرپور سرپرستی حاصل رہے گی۔
اس موقع پر آرمی ویلفیئر ٹرسٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) نوید مختار، پاکستان ہاکی ٹیم کے لیجنڈز اصلاح الدین، شہباز سینئر اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیداران بھی موجود تھے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔



















