کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یکم نومبر 2023 سے گیس کی قیمتوں میں 200 فیصد تک اضافے کی منظوری دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گیس کی قیمتوں میں دو سو فیصد اضافے کے فیصلے کو صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان محمد کاشف چوہدری نے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران اور اشرافیہ قوم کے ساتھ مذاق کرنا بند کرے، حکمرانوں نے تہیہ کر رکھا ہے کہ عوام کو سکھ کا سانس نہیں لینے دینا اور انہیں زندہ درگور کرنا ہے، اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے اشرافیہ مراعات یافتہ طبقے کی مراعات ختم کرنے کے بجائے سارا بوجھ چوبیس کروڑ پاکستانی عوام پر ڈال رہے ہیں جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کی شدید لہر آئے گی اور حکومت عوام سے روٹی کا نوالہ تک چھین رہی ہے۔
گیس اور ایل این جی کی قیمتوں میں اضافے پر جاری بیان کے مطابق محمد کاشف چوہدری نے کہا کہ حکومت اور اشرافیہ عوام کے ساتھ سنگین مذاق کر رہی ہے، ایک طرف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کرکے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کی جاتی ہے تو دوسری طرف گیس اور ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیاجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمت میں دو سو فیصد اضافہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے اور ملک بھر کے تاجر اسے مسترد کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ گیس کی قیمتوں میں دو سوفیصد اضافے کے فیصلے کو فوری واپس لیا جائے وگرنہ ملک بھر کے تاجر سراپا احتجاج ہونگے اسی طرح ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام پر مزید بوجھ ڈال دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی حکمران مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام ہیں اور مہنگائی کا ذمہ دار اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے اشرافیہ اور مراعات یافتہ طبقہ ہے، یہ اشرافیہ گیس ، بجلی ، کھاد ، بیج مافیا ہے جو جب چاہئے قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کرکے عوام پر مہنگائی کا بم گرا دیتے ہیں، ملک کا 80لاکھ چھوٹا تاجر کسی صورت مہنگائی کا ذمہ دار نہیں ہے۔
محمد کاشف چوہدری نے کہا کہ موسم سرما کی آمد کی وجہ سے پہلے ہی گیس پریشر میں کمی ہے اور گیس لوڈشیڈنگ بھی معمول بن گیا ہے اور صنعتوں کو گیس کی سپلائی بھی نہ ہونے کے برابر ہے ایسے میں گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے صنعتوں پر برا اثر پڑے گا اور پروڈکشن پہلے سے مزید کم ہو جائیگی تاجر اور صنعت کاروں پر پہلے ہی مختلف قسم کے ٹیکسز لگا کر انہیں کاروبار ختم کرنے پر مجبور کیا جا چکا ہے اور ایسے میں گیس کی قیمتوں میں دو سو فیصد اضافے سے صنعت کار اور تاجر مزید مشکلات کا شکار ہو جائیں گے۔
صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان محمد کاشف چوہدری نے کہا کہ ملک بھر کے تاجر گیس قیمتوں میں اضافہ کو مسترد کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے فیصلے کو فوری واپس لیا جائے وگرنہ ملک بھر کے تاجر احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















