گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت پولیو کے تدارک اور اس موذی مرض کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے پولیوکے عالمی دن کے موقع پر نشتر ہال پشاور میں یونیسف، ڈبلیو ایچ او، روٹری انٹرنیشنل اور انسداد پولیو پروگرام خیبر پختونخوا کے مشترکہ تعاون سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی اور صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ ریاست کے دوسرے اہم شعبے بشمول میڈیا، میڈیکل پروفیشنلز، مذہبی رہنما، درس و تدریس سے منسلک ماہرین اور سول سوسائٹی بھی پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے لئے کوشاں ہیں۔
حاجی غلام علی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے علاؤ دنیا کے دیگر تمام ممالک نے پولیو کا مکمل خاتمہ کیا لہذا دنیا کی نظریں اب انہی دو ممالک پر جمی ہوئی ہیں۔ خیبرپختونخوا حکومت پولیو کے تدارک اور اس موذی مرض کے خاتمہ کیلئے نہ صرف پرعزم ہے بلکہ جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پولیو کو ایک چیلنج سمجھ کر اسکا خاتمہ کرنا ہے، ہماری پوری کوشش ہے کہ نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے ملک سے پولیو کاخاتمہ یقینی بنائیں جبکہ ایسی پالیسیاں بنائیں کہ صرف اپنے ملک پاکستان نہیں بلکہ افغانستان کو بھی پولیو مرض سے پاک بنائیں،ہر شعبہ میں ترقی کی سوچ سے مصمم ارادہ کامیابی کا باعث بنتا ہے۔
حاجی غلام علی کا کہنا تھا کہ پولیو ورکرز ہمارے گھروں میں آ کر ہمارے بچوں کو معذوری سے بچانے کیلئے آتے ہیں انکا راستہ روکنا اور قتل کرنے کی بجائے انہیں ہار پہنانے چاہئیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پولیو ورکرز پولیو کے موذی مرض کے خاتمے کیلئے حقیقی جدوجہد کر رہے ہیں،پولیو خاتمے میں خواتین پولیو ورکرز کا کردار قابل تحسین ہے،جس اتحاد سے کورونا کا مقابلہ کیا اسی اتحاد سے پولیوکے موذی مرض کاخاتمہ بھی یقینی بنانا ہوگا۔
گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کا مزید کہنا تھا کہ عوام سے گزارش ہے کہ وہ خود پولیو ورکرز کو گھر بلائیں اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوائیں۔
تقریب میں ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر شوکت علی، کمشنر پشاور محمد زبیر، ڈی سی پشاور آفاق وزیر، روٹری انٹرنیشنل، ای پی آئی پروگرام کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عارف سمیت پولیو ورکرز اوردیگر نے شرکت کی۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔



















