نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور میں امراض قلب کیلئے ایک اور ہسپتال بنانے کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی سی میں امراض قلب کے مریضوں کا رش دیکھ کر وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے لاہور میں دل کا ایک اور بڑا ہسپتال بنانے کی منظوری دی۔
سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے منصوبے پر ہونے والے تعمیراتی کام کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی عمارت 7 منزلہ اور بیڈز کی تعداد 250 ہو گی اور یہ پی آئی سی کے بعد لاہور کا سب سے بڑا دل کا اسپتال ہو گا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جناح اسپتال کی ایمرجنسی و ٹراما سینٹر پراجیکٹ کی سائٹ کا دورہ کیا، اب اس کی جگہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنایا جائے گا اور ایمرجنسی و ٹراماسنٹر کو جناح اسپتال میں شفٹ کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے اس دوران عمارت کی بنیادوں کو اگلے ماہ کے وسط تک مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم، عامر میر، سیکرٹریز صحت، تعمیرات ومواصلات، اسپیشل سیکرٹری صحت، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج، ایم ایس جناح اسپتال اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
دوسری جانب گزشتہ روز نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی چٹیانہ تھانے کے بعد رات گئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ پہنچے جہاں انہوں نے ایمرجنسی، میڈیکل، بچہ وارڈ اور دیگرشعبوں کا معائنہ کیا۔
دورے کے دوران نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ہسپتال میں علاج معالجے کی فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا۔
محسن نقوی نے مریضوں کی خیریت دریافت کی،مفت ادویات اورمفت ٹیسٹ کی سہولت کے بارے میں پوچھا جس پر مریضوں نے ہسپتال میں مہیا کردہ طبی سہولتوں پر اطمینا ن کا اظہار کیا۔
مریضوں نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ادویات بھی مل رہی ہیں اورٹیسٹ بھی ہسپتال میں ہورہے ہیں۔
اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ عام آدمی کو معیاری علاج معالجے کی فراہمی کیلئے لاہور سمیت دوردراز کے شہروں کے ہسپتالوں کے دورے کررہا ہوں۔
محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ ہسپتالوں میں ہیلتھ کیئر کی سہولتوں کی بہتری مشن ہے اورپوری ٹیم ملکر دن رات ایک کیے ہوئے ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مزید کہا کہ عام آدمی کے دکھ کم کرنے سے دلی سکون ملتا ہے، جتنا بھی وقت ہے دکھی انسانیت کی خدمت میں صرف کررہے ہیں۔
چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور انسپکٹر جنرل پولیس عثمان انور بھی ہمراہ تھے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















