ندیم جان نے کہا ہے کہ صحت کی بہتر سہولیات سے عوام اور ریاست کا رشتہ مضبوط ہوتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم کی وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان سے خصوصی ملاقات ہوئی، ملاقات کیلئے امریکی سفیر خاص طور پر وزارت صحت تشریف لائے۔
ترجمان وزارتِ صحت کے مطابق وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے امریکی سفیر کا استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ صحت کے شعبے میں دونوں ممالک کا تعاون مثالی ہے۔
ملاقات میں پاک یو ایس ڈائیلاگ بارے خصوصی تبادلہ خیال ہوا، پاک یو ایس ڈائیلاگ کے دو ادوار ہوچکے ہیں مزید دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا جبکہ ملاقات میں ماں بچہ کی صحت، نیوٹریشن، پولیو، متعدی امراض کی روک تھام کے حوالے سے تفصیلی گفتگو اور تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے ٹیکنیکل گروپ ان تجاویز کو آگے بڑھائیں، امریکی سفیر نے صحت کے مختلف شعبوں میں بھر پور تعاون کے عزم کا اظہار کیا، امریکی سفیر نے متعدی امراض کی روک تھام، ماں بچے کی صحت اور فیملی پلاننگ میں سپورٹ کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ تمام بنی نوع انسان کو بیماریوں کیخلاف مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی، صحت عوام اور ریاست میں رابطے کا بہترین ذریعہ ہے، صحت کی بہتر سہولیات سے عوام اور ریاست کا رشتہ مزید مضبوط ہوتا ہے۔
ندیم جان نے یہ بھی کہا کہ امریکی حکومت کے صحت کے شعبے میں بھر پور اور بامقصد تعاون پر شکریہ ادا کرتا ہوں، صحت کا ایجنڈا ہمیشہ غیر سیاسی ہونا چاہیے اور اس بیانیے کے نتیجے میں تمام شراکت داروں کا تعاون حاصل ہوا ہے۔
وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے مزید کہا کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج میرا ٹاپ ایجنڈا ہے، عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے ملک بھر میں 430 بنیادی مراکز صحت کی بحالی کا منصوبہ تشکیل دیا ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















