نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ حکومت کسانوں کی فلاح کے لیے ہر ممکن اقدام کررہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی طور پر رہنے والوں کو واپس بھیجنے کا اہتمام کرلیا ہے، غیر قانونی باشندوں کے لیے کوئی معافی نہیں ہے، غیر قانونی مقیم افراد کےخلاف یکم نومبر سے آپریشن شروع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بند روڈ لاہور پراجیکٹ اکتیس جنوری تک مکمل کیا جائے گا، اس پراجیکٹ پر سلو کام ہو رہا ہے ، ٹھیکیداروں کو ہدایات دیدی ہیں پراجیکٹ جلد مکمل کریں۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ افغانیوں کی تعداد پنجاب میں ہزاروں میں ہے، یکم نومبر سے انکے خلاف آپریشن شروع ہوجائے گا اور کوئی معافی نہیں ہوگی، جو بھی انکو غیر قانونی رکھے گا ان کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ حکومت کسانوں کی فلاح کے لیے ہرممکن اقدام کررہی ہے، ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں گے۔
اپنے بیان میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کسانوں کو ایک بار پھر کپاس مقررہ قیمت پر فروخت نہ کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔
دوسری جانب نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف یوم سیا ہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہر قسم کی بھارتی بربریت برداشت کرنے والے کشمیری بھائیوں کو سلام اور شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ لاکھوں بھارتی فوجیوں نے کشمیریوں کو حراست میں لے رکھا ہے اور کشمیری اپنے ہی گھروں میں قید ہیں، غیر انسانی محاصرے،کشمیریوں پر جبروتشدد سے آر ایس ایس کی مکروہ سوچ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکی ہے۔
محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی دن بہ دن خراب ہوتی صورتحال پر دنیا کی خاموشی کا کوئی جواز نہیں، کشمیریوں کا جذبہ آزادی انکو آزادی دلوا کے رہے گا کیونکہ یہ انکا بنیادی حق ہے، بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیریوں کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں نے ثابت کر دیا ہے کہ بھارت وحشیانہ طاقت کے استعمال سے ان کی تحریک کودبا نہیں سکا، پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی سفارتی او راخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ آج کے دن کشمیری عوام کو باورکرانا ہے کہ وہ اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں بلکہ پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















