نگراں وزیر توانائی محمد علی نے کہا ہے کہ گرین انرجی پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر برائے توانائی محمد علی نے پاور ڈویژن میں پاکستان میں ڈنمارک کے سفیر جیکب لینلف سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں محمد علی نے کہا کہ پاور سیکٹر موسمیاتی تبدیلیوں کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور اس لیے حکومت پاکستان میں توانائی کی منتقلی کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت پاکستان نے حال ہی میں نیشنل الیکٹرسٹی پلان 2023 کی منظوری دی ہے جو پاور سیکٹر کے لیے نیشنل الیکٹرسٹی پالیسی کے اہداف کی تکمیل کے لیے رہنما اصول، عملدرآمد کے طریقہ کار اور آلات فراہم کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنی مہارت اور تجربے کی بنیاد پر ڈنمارک کی مدد یقینی طور پر پاکستان کے لیے گرین انرجی مکس کی جانب منتقلی اور موسمیاتی تبدیلی کے اہداف اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حوالے سے پاکستان کے وعدوں کو پورا کرنے میں فائدہ مند ثابت ہوگی۔
نگراں وزیر برائے توانائی کا یہ بھی کہنا تھا کہ حقیقی کامیابی پائیدار توانائی کے شعبے میں حقیقی اثرات مرتب کرنا ہے، اس کا مقصد ٹیرف میں بتدریج کمی لانا اور مقامی وسائل کے استعمال کی طرف بڑھنا ہے۔
محمد علی نے کہا کہ ایجنڈا پاکستان میں زیادہ سے زیادہ سبز سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے بنایا جائے گا۔مستقبل کے تعاون کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کا تجزیہ کیا جائے تاکہ رکاوٹوں کی نشاندہی کی جا سکے اور مزید قابل تجدید توانائی کی صلاحیت کو شامل کرنے کے لیے آگے بڑھنے کا راستہ تجویز کیا جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاور ڈویژن کا مقصد گرین انرجی کے سنگ میل کو حاصل کرنے کے لیے ڈنمارک کے ساتھ ترقی وسیع تعاون ہے، دنیا موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں صاف توانائی کی طرف انتہائی ضروری تبدیلی کا مشاہدہ کر رہی ہے۔
نگراں وزیر برائے توانائی محمد علی نے مزید کہا کہ پاکستان کے عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے زیادہ خطرے کا شکار ہونے کی وجہ سے اسے ملکی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق ڈھالنا اور اس کو کم کرنا ہے۔
ملاقات میں ڈنمارک کے سفیر نے توانائی کی منتقلی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا جبکہ ڈنمارک کے سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو اگلی سطح تک لے جانے کے اپنے مقصد کا اظہار بھی کیا۔



















