ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر سمیت 4 سیکورٹی اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والے اسلام آباد کے 43 سالہ لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر، لکی مروت کے 31 سالہ نائیک خوشدل خان، چارسدہ کے 27 سالہ نائیک رفیق خان اور مری کے 33 سالہ لانس نائیک عبدالقادر کی نماز جنازہ پشاور میں ادا کردی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور سمیت حاضر سروس افسران و جوانوں، سول حکام اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، شہداء کو ان کے آبائی علاقوں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج مادر وطن سے دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
خیبر؛ سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، لیفٹیننٹ کرنل سمیت 4 جوان شہید، 3 دہشتگرد ہلاک
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبر کے علاقے تیرہ میں انٹیلی بیسڈ آپریشن کیا، لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کی قیادت میں ٹیم نے مؤثر کارروائی کی، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی قیادت لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر نے کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا کامیابی سے محاصرہ کیا اور ان کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، دوران آپریشن سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد مارے گئے اور 3 دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 4 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔شہداء میں ٹیم لیڈر اسلام آباد کے 43 سالہ لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر، لکی مروت کے 31 سالہ نائیک خوشدل خان، چارسدہ کے 27 سالہ نائیک رفیق خان اور مری کے 33 سالہ لانس نائیک عبدالقادر شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















