نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ بلوچستان سے کانگو وائرس کا جلد خاتمہ کردیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ کانگو وائرس سے متاثرہ محکمہ صحت کے طبی عملے کے مزید دوافراد کو ائیر ایمبولینس کے زریعے کراچی منتقل کردیا گیا ، پورے صوبے میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ ہے۔
میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ محکمہ صحت کے 13متاثرہ ڈاکٹرز اور طبی عملے کا علاج کراچی میں جاری ہے، متاثرین میں 9ڈاکٹرز اور طبی عملے کے 4افراد شامل ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام متاثرہ مریضوں کا علاج مکمل طور پر سرکاری اخراجات پر کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں کیا جارہا ہے جبکہ کانگو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے مؤثر اقدمات اٹھائے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کانگو وائرس کی وباء پر قابو پانے کیلئے مکمل طور پر متحرک ہے ، صوبے کی تمام مویشی منڈیوں میں اسپرے کیا جارہا ہے،بلوچستان سے کانگو وائرس کا جلد خاتمہ کردیا جائے گا۔
نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے ہدایت کی ہے کہ کمشنرز اور محکمہ لائیو سٹاک کے افسران کو اضلاع میں احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں جبکہ عوام محکمہ صحت کی جانب سے وضع کردہ احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کریں۔
کانگو وائرس کیا ہے؟
یہ وائرس مویشی گائے، بیل، بکری، بکرا، بھینس اور اونٹ، دنبوں اور بھیڑ کی کھال سے چپکی چیچڑوں میں پایا جاتا ہے، چیچڑی کے کاٹنے سے وائرس انسان میں منتقل ہو جاتا ہے۔
قومی ادارۂ صحت کے مطابق نیرو نامی وائرس انسانی خون اور تھوک میں پایا جاتا ہے جو انسانوں میں گانگو بخار پھیلاتا ہے، متاثرہ شخص ایک ہفتے کے اندر زندگی کی بازی ہار سکتا ہے۔
کانگو کی علامات
متاثرہ شخص کو تیز بخار، کمر، پٹھوں، گردن میں درد، قے، متلی، گلے کی سوزش اور جسم پر سرخ دھبے کانگو کی علامات ہیں۔
واضح رہے کہ کانگو وائرس گزشتہ بیس سالوں سے پاکستان میں موجود ہے، یہ جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔ کانگو وائرس کے خاتمے کے لیے تا حال کوئی ویکسین ایجاد نہیں ہوئی ہے لہٰذا قبل از وقت احتیاط اور مرض ظاہر ہو جانے کی صورت میں فوری اور بر وقت علاج ضروری ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















