Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پارلیمان کی بالا دستی میں میڈیا کا کردار فراموش نہیں کیا جا سکتا، چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ پارلیمان کی بالادستی،جمہوریت کے فروغ میں میڈیا کا کردار فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (پی آر اے) کے نمائندہ وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں پی آر اے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات کے دوران پی آر اے پاکستان اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے درمیان پارلیمانی رپورٹنگ سے متعلق مؤثر ضابطہ اخلاق تیار کرنے پر بھی اتفاق کیا جبکہ ملاقات کے دوران سینیٹ سیکرٹریٹ اور پارلیمانی صحافیوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے فروغ کے لئے موثر تربیتی پروگرام تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پارلیمان کی بالادستی،جمہوریت کے فروغ میں میڈیا کا کردار فراموش نہیں کیا جا سکتا، پی آر اے پارلیمان کی کارروائی اور معلومات کو شفاف انداز میں عوام تک پہنچا کر پارلیمان اور عوام کو قریب تر لانے میں ایک اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ خاص طور پر ایسے وقت میں جب دنیا غیر معمولی تغیرات کا شکار ہو رہی ہے، غیرجانبدار اور فعال صحافتی برادری کی اہمیت سے ہرگز انکار نہیں کیا جاسکتا۔

چیئرمین سینیٹ نے پی آر اے کی کارکردگی میں مزید بہتری کے لئے اپنے تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ پی آر اے کے اراکین پارلیمانی طریقہ کار کے بارے میں جدید ترین مہارتوں اور معلومات سے لیس ہوں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور مثبت رپورٹنگ کیلئے پارلیمنٹرینز اور سینئر صحافیوں کے ساتھ باقاعدہ ورکشاپس کا انعقاد ہونا چاہیے۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے مزید کہا کہ پارلیمانی رپورٹنگ بہت اہم شعبہ ہے، پی آر اے ایسا ضابطہ اخلاق مرتب کرے جس سے پارلیمان کے تقدس کا بھر پور خیال رکھا جائے، پی آ ر اے کی ویب سائٹ ڈویلپ کرنے کیلئے بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔

پی آر اے کے وفد کی قیادت پی آر اے کے صدر عثمان خان کر رہے تھے جبکہ وفد میں سیکرٹری نوید اکبر چوہدری، نائب صدر احمد نواز خان، فنانس سیکرٹری اصغر چوہدری اور سیکرٹری اطلاعات جاوید حسین شامل تھے۔

اس موقع پر سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان، ڈائریکٹر جنرل کوآرڈنیشن میر شے مزار بلوچ، ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ سید عاصم رضا اور دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں