خیبر پختونخوا کے 9 نگراں وزراء کو محکمے الاٹ کردیے گئے ہیں اور نگران کابینہ کے لیے وزارتوں کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ ارشاد قیصر جیل خانہ، ریلیف، زکوٰة و عشر اور خصوصی تعلیم کی وزیر مقرر کردیے گئے ہیں جبکہ سید مسعود شاہ سٹیبلشمنٹ ایڈمنٹریشن و بین الصوبائی رابطہ کے وزیر مقرر کیے گئے ہیں۔
احمد رسول بنگش کو خزانہ، ریونیو، ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکاٹکس کا محکمہ دیا گیا جبکہ آصف رفیق ماحولیات، جنگلات، زراعت و خوراک اور فشریز کا محکمہ تفویض کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر نجیب اللہ سائنس،ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے علاوہ کھیل اور امور نوجوانان کے وزیر ہوں گے جبکہ محمد قاسم جان ابتدائی و ثانوی تعلیم اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کے وزیر مقرر کیے گئے ہیں۔
انجینئر عامر ندیم درانی پبلک ہیلتھ انجینئر، بلدیات اور دہی ترقی کے وزیر ہوں گے جبکہ احمد جان سی اینڈڈبلیو اور محکمہ آبپاشی کے وزیر ہوں گے۔
نگراں وزیراعلیٰ کے پی جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ نے عہدے کا حلف اٹھالیا
گورنر ہاؤس پشاور میں نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تقریب حلف برداری منعقد کی گئی جس میں گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ سے بطور نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ان کے عہدے کا حلف لیا۔
تقریب حلف برداری میں میئر پشاور حاجی زبیرعلی، سابق نگران صوبائی کابینہ کے اراکین،چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری،آئی جی پولیس اخترحیات گنڈاپور، کمشنر پشاور سمیت صوبائی محکموں کے انتظامی سربراہان نے شرکت کی۔
گورنر حاجی غلام علی نے نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس(ر)سید ارشد حسین شاہ کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد، نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
یاد رہےکہ نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان کے انتقال کے بعد گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کی بطور نگران وزیراعلیٰ تقرری کی منظوری دی تھی۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















