اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کے ساتھ ہمارا اخوت اور اسلامی بھائی چارے کا اٹوٹ رشتہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے فلسطین کے اعلان آزادی کے 35 سال مکمل ہونے پر فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کی آزادی کیلئے فلسطینی قیادت اور عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی رہنما مرحوم یاسر عرفات کی فلسطین کی آزادی کے لئے جدوجہد اور قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، یاسر عرفات نے فلسطین کی آزادی کیلئے طویل جنگ لڑی، مرحوم یاسر عرفات کی فلسطین کی آزادی کیلئے جدوجہد اور قربانیوں کو تاریخ میں ہمیشہ سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کیلئے امت مسلمہ کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے ، اسرائیل نے فلسطین میں سفاکیت اور ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 39 دنوں سے فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت میں اسرائیل جنگی جرائم، بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہوا ہے، اسرائیلی جارحیت اور وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں ہزاروں معصوم فلسطینی شہری اور بچے شہید ہو چکے ہیں۔
راجہ پرویز اشرف کا یہ بھی کہنا تھا کہ غزہ میں پانی، بجلی، ادویات، ایندھن اور خوراک کی عدم دستیابی کی وجہ سے انسانی بحران جنم لے رہا ہے جبکہ ہسپتال اور اسکول بھی اسرائیلی بربریت سے محفوظ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کی موجودہ صورتحال نہ صرف مسلم امہ بلکہ دنیا بھر کی مہذب اقوام کیلئے باعث تشویش ہے، عالمی برادری کو فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کا نوٹس لینے اور فوری جنگ بندی کے لئے کردار ادا کرنا چاہیے
راجہ پرویز اشرف نے یہ بھی کہا کہ فلسطینی عوام کے ساتھ ہمارا اخوت اور اسلامی بھائی چارے کا اٹوٹ رشتہ ہے ، پاکستان کی پارلیمان اور عوام اس مشکل وقت میں اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ فلسطین میں امن خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے ناگزیر ہے، مسجد اقصیٰ اور فلسطین کی آزادی ہی اس مسئلہ کا واحد حل ہے۔
راجہ پرویز اشرف کا یہ بھی کہنا تھا کہ ظلم وستم اور جبر کے ذریعے نہ کسی قوم کو غلام بنایا جاسکتا ہے اور نہ ہی کسی سرزمین پر غاصبانہ قبضہ کیا جاسکتا ہے، فلسطینی قوم ایک بہادر اور ثابت قدم قوم ہے اور اس نے ہمیشہ ہر مشکل کا مقابلہ جرآت کے ساتھ کیا ہے
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا مزید کہنا تھا کہ ہم اس مشکل کی گھڑی میں اپنے فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اللّه تعالیٰ نہتے اور مظلوم فلسطینیوں کی مدد فرمائے، آمین۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















