Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

’ ہم خوش نصیب تھے کہ آزادی ملی اور ہم بدنصیب تھے کہ اسکی قدر نہ کرسکے‘

کنوینر ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ہم خوش نصیب تھے کہ آزادی ملی اور ہم بدنصیب تھے کہ اسکی قدر نہ کرسکے۔

تفصیلات کے مطابق کنوینر ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ایم کیوایم پاکستان مرکزی الیکشن آفس کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اورنگی ٹاؤن کو جس نے بھی ہلکا لیا وہ پچھتاتا رہ گیا، اورنگی ٹاؤن والوں نے آج بھی نظریہ پاکستان کو بچا کر  رکھا ہوا ہے، انشاء اللہ آئندہ الیکشن میں حق پرست نئی تاریخ رقم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی اور دوسروں کی غلطیوں سے اتنا سیکھ گئے ہیں کہ اب پاکستان اقوام عالم میں سر اٹھا کر چلے گا، جنہوں نے پاکستان بنانے کا مکالمہ شروع کیا ان کی اولادوں کو اب پاکستان بچانے کا مکالمہ شروع کرنا پڑا، کن حالات نے مہاجروں کو ایک نئی تحریک شروع کرنے کا حوصلہ دیا، ہم سے کوئی حب الوطنی کا سرٹیفیکٹ مانگ نہیں سکتا، اب حب الوطنی کا سرٹیفیکٹ لیاقت آباد چھاپے گا اور اورنگی ٹاؤن بانٹے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کل کا پاکستان قائداعظم کا پاکستان تھا اور آج کا پاکستان بھٹو کا پاکستان ہے، پاکستان کے عوام بتائیں کہ کل کا پاکستان بہتر تھا کہ آج کا پاکستان بہتر ہے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ مہاجروں سے ثابت کردیا کہ جو بناتا ہے وہ ہی چلا سکتا ہے، تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت ہی پاکستان کی شناخت ہے، اسلام کے نام پر پاکستان کے لئے اگر کسی نے قربانی دی ہے تو وہ صرف مہاجر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم خوش نصیب تھے کہ آزادی ملی اور ہم بدنصیب تھے کہ اسکی قدر نہ کرسکے، پاکستان کی قابضین کو اس کی قدر نہیں، جو دنیا کہ بہترین غلام تھے انکو انعام کے طورپر پاکستان دے دیا گیا، ایک بہتر مضبوط ومستحکم پاکستان کیلئے عوام ایم کیوایم پاکستان کا ساتھ دیں۔

کنوینر ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اپنی تاریخ کی آخری اننگ کھیلنے جارہی ہے، پچاس سال کی تاریخ میں دھوکہ کرپشن کے علاوہ پیپلزپارٹی کے پاس کچھ نہیں، آج ہماری پالیسیوں کے سبب پیپلزپارٹی سیاسی طور پر تنہا ہوگئی، پیپلزپارٹی سے کوئی بھی سیاسی جماعت بات کرنے کو تیار نہیں ہے۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں