محسن نقوی نے کہا ہے کہ یہ حکومت وکلاء سے محبت کرنے والی حکومت ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بین الصوبائی بار کونسلز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نگران سیٹ اپ کے لئے آئے لیکن عرصہ کچھ لمبا ہوگیا، وکلاء پروٹیکشن ایکٹ کے لئے ایڈووکیٹ جنرل کی مشاورت سے کمیٹی قائم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بار کونسل سے ملحقہ پلاٹ پر کام شروع کرنے کیلئے دن مقرر کریں، معاملات طے کرکے سنگ بنیاد رکھ دیں گے۔
محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ وکلاء کام شروع کرنے کیلئے دن مقرر کریں،چیک لیکر سنگ بنیاد رکھنے کے لئے آجائے گئے، تقریب میں مدعو کرنے پر چاروں صوبے، اسلام آباد، آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان کے وکلاء رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ بین الصوبائی بار کونسلز اجلاس کی تقریب میں شمولیت میرے لیے اعزاز کی بات ہے، چیئرمین احسن بھون کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں، میرا فرض ہے کہ وکلاء برادری کی جائز خواہشات پوری کرنے کی کوشش کروں، آج رات تک پولیس کے فوکل پرسن کا نوٹیفکیشن جاری ہوجائے گا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ میرے بہت سے فیملی ممبر وکالت کے پیشے سے وابستہ ہیں، کوشش ہے کہ جتنا وقت میسر ہے ریلیف دینے کے لئے جو کچھ کرسکتے ہیں کرلیں کیونکہ نگران حکومت کو اپنا کام کرنا ہے اور وقت مکمل ہونے پر گھر چلے جانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور سندھ کے وز راء اعلیٰ وکلاء برادری سے ہیں جو بہت زبردست کام کررہے ہیں، پنجاب کے وکلاء کا ڈیٹا مرتب کرنے کے لئے پی آئی ٹی بی کی معاونت کریں گے، یہ حکومت وکلاء سے محبت کرنے والی حکومت ہے۔
محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ کوشش ہے کہ وکلاء فرینڈلی حکومت ہوں اور اسی میں کامیابی ہے، بارکونسلز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی پوری کوشش کرتے ہیں، وکلاء حضرات کے لئے جومعاونت درکار ہوگی ہم اس کے لئے حاضر ہیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















