ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کرپٹ اور بد عنوان حکمرانی کے خاتمے کا وقت آ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینئیر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ابھی انتخابات کی بساط بچھ رہی ہے، ایم کیو ایم نے باقی سیاسی جماعتوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ جلسوں کا انعقاد کیا جبکہ ایم کیو ایم نے عوامی رابطہ مہم بھی تیز کر رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وڈیروں اور جاگیرداروں نے زبردستی اپنا میئر اس شہر پر مسلط کیا، پانچ فیصد ووٹوں پر کراچی پر قبضہ کیا گیا ہے اور جیسے جیسے انتخابات قریب آ رہے ہیں قبضہ گیروں کے پنجے اکھڑ رہے ہیں جبکہ یہ واضح ہے کہ مخالفین کے پیروں کے نیچے سے زمین نکل رہی ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے یہ بھی کہا کہ کرپٹ اور بد عنوان حکمرانی کے خاتمے کا وقت آ رہا ہے، سندھ کے وڈیرے بوکھلا گئے ہیں اور کراچی ہر قبضے کا خواب چکنا چور ہوتا دیکھ رہے ہیں، یہ جو ہمارے خلاف بیان بازی ہے یہ ہمارے لئے نیا چیلنج ثابت ہوگا جبکہ جو گزشتہ پندرہ سالوں سے لوٹ مار اور کرپشن کی حکومت تھی اس کا وقت اب ختم ہوگیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری لاپتہ گم نام آبادی کی مردم شماری میں بازیابی ہماری اتحاد کے بعد پہلی کامیابی ہے، کراچی غریب پرور شہر ہے ہم نے کبھی یہاں آنے والوں کو نہیں روکا، ہم نے کبھی مہاجروں کو گننے کی بات نہیں کی ہم نے کہا جو بھی اس شہر میں رہتا ہے اس کو گنا جائے۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا یہ بھی کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلی کی تین نشستوں کا اضافہ صرف کراچی میں ہوا، جو ہمیں مردہ گھوڑا کہہ رہے ہیں وہ دیکھ لیں ایم کیو ایم کے صرف ایک ٹاؤن کے الیکشن آفس کے افتتاح پر اتنے لوگ جمع ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہیں یہاں ہم کتنے ہی گرم جوشی کے اشعار پڑھیں مگر موسم میں سردی کی لہر ہے، آج نیوکراچی میں پریکٹس میچ ہے لیکن ابھی فائنل کھلنا باقی ہے، پیپلزپارٹی کے بستر گول ہونے کا یہ تعزیتی اجلاس نہیں ایم کیو ایم کا جلسہ ہے، نیو کراچی آئندہ ہونے والا جلسہ ایم کیو ایم کے تمام جلسوں کا ریکارڈ توڑے گا۔
سینئر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ مایوسی سے امید کا سفر شروع ہو چکا ہے، غلطیاں ہوئی ہیں اس کا ازالہ کرنا ہے کیونکہ کراچی چلتا ہے تو پاکستان چلتا ہے۔



















