Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور قازقستان کے درمیان ریاستی میڈیا اداروں کے دفاتر قائم کرنے پر اتفاق

پاکستان اور قازقستان کے درمیان دونوں ممالک کے ریاستی میڈیا اداروں کے دفاتر قائم کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی سے پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرژان کسٹافن کی ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات، میڈیا کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے، عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے اور علاقائی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

ملاقات میں مرتضیٰ سولنگی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قازقستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر روابط اور ثقافتی وفود کے تبادلوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ریاستی میڈیا اداروں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان، دونوں اطراف اطلاعات تک رسائی کا اہم ذریعہ ہیں۔

ملاقات میں پاکستان کی وزارت اطلاعات اور قازقستان کی وزارت اطلاعات و سماجی ترقی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔

اس ضمن میں پاکستان اور قازقستان کے وزیر اطلاعات کے درمیان بذریعہ زوم میٹنگ کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔

نگران وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان اور نیشنل کمپنی قازق انفارمیشن ایجنسی کے درمیان 2018ء میں میڈیا تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے تھے، لاہور سے ایک ٹیم فلم شوٹنگ کے لئے قازقستان روانہ ہو رہی ہے جو دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات کے فروغ کی جانب اہم قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم اور اقتصادی تعاون تنظیم کا اہم رکن ہے، شنگھائی تعاون تنظیم کا آئندہ اجلاس قازقستان میں ہو رہا ہے، ایس سی او علاقائی ممالک کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کا ایک متحرک پلیٹ فارم ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے مزید کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے ارکان کے ساتھ گہرے، تاریخی اور ثقافتی روابط قائم رکھے ہوئے ہیں، ہمارے مفادات اور مقاصد وسیع پیمانے پر ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب قازقستان کے سفیر نے پاکستان کی وزارت اطلاعات و نشریات اور قازقستان کی وزارت اطلاعات و سماجی ترقی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے لئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات کو دورہ قازقستان کی دعوت دی۔

سفیر نے کہا کہ قازقستان کے صدر پاکستان اور پاکستان کے عوام سے بہت محبت کرتے ہیں، قازقستان کے صدر آئندہ سال پاکستان کا دورہ کریں گے، ان کا یہ دورہ تجارتی لحاظ سے اہمیت کا حامل ہوگا جس سے دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔

انکا مزید کہنا تھا کہ ہم دونوں ممالک کے ریاستی میڈیا کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں، مشرق وسطیٰ کو گرم پانیوں تک رسائی کے لئے پاکستان اہم ملک ہے۔ سیالکوٹ فٹ بال اور سرجیکل آلات کی تیاری میں بہت مشہور ہے۔

بعدازاں دوران ملاقات نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو مزید بڑھانے سمیت قریبی معاشی تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں