نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ یواے ای کیساتھ سرمایہ کاری کے معاہدوں سے باہمی تعلقات کو نیا رخ ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے متحدہ عرب امارات سے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وفد کو متحدہ عرب امارات میں خصوصی پذیرائی ملی، متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ ملاقات انتہائی مفید رہی، یو ای اے کے ساتھ تاریخی معاہدوں کے حوالے سے وزیر اعظم پاکستان کی کاوشوں لائق ستائش ہیں، متحدہ عرب امارات کے ساتھ ہونے والے معاہدوں میں آرمی چیف کا کردار بھی قابل تحسین ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان معاہدوں سے معاشی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے، پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تاریخی معاہدوں سے معیشت مضبوط ہوگی اور باہمی تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے، سمجھوتوں پر عمل درآمد کے جلد مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے معاہدوں سے باہمی تعلقات کو نئی جہت ملے گی، متحدہ عرب امارات توانائی، پورٹ آپریشنز پراجیکٹس،ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، فوڈ سیکورٹی، بینکنگ اینڈ فنانشل سروسز سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا، متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں معاشی استحکام کی راہ ہموار ہوگی اور یو اے ای سے اقتصادی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کی ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے عوام محبت، بھائی چارے اور اخوت کے تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، پاکستان اور عرب امارات کے درمیان دوستی اورمحبت کے رشتے ازل سے ہیں اور ابد تک رہیں گے۔



















