پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عام ادمی کو سہولت دینا میرا مشن ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے سربراہ پرویز خٹک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ محمد شریف نے پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز میں شمولیت کا اعلان کرکے پارٹی کو مضبوط کیا، خیبر پختونخوا اور ملک کی ترقی کے لئے مل کر کام کریں گے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ میں نے اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں صوبے کی بہتر انداز میں خدمت کی، عام آدمی کو سہولت دینا میرا مشن ہے۔
پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے سربراہ کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور بد امنی اس وجہ سے ہے کہ ایماندار لیڈر نہیں ملا، بنگلہ دیش کو ایماندار خاتون ملی آج وہ ترقی کے منازل طے کر رہا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں نے ساری زندگی سیاست کی، کسی سیاست دان نے اب تک مہنگائی پر قابو پانے کیلئے کام نہیں کیا،کل جو ممالک ہم سے پیچھے تھے آج ہم سے کافی آگے نکل چکے، دنیا کے قرض دار ہیں جب تک ہم قرضدار ہیں ترقی ممکن نہیں۔
پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے سربراہ پرویز خٹک نے مزید کہا کہ چالیس سال میں کئی سیاسی پارٹیوں کا حصہ رہا، پی ٹی آئی پی میں دھڑا دھڑ لوگ شامل ہو رہے ہیں، لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ ملک کو مقروض بنانے والے کون تھے۔



















