سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو نوجوانوں کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پارٹی آج بھی بھٹو شہید کی فلاسفی اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن روٹی کپڑا اور مکان کے منشور پر ثابت قدم ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ جمہوریت کی بحالی کیلئے جانوں کا نذرانہ دینے والے جیالوں ‘کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا پاکستان بنائیں گے جو طبقاتی استحصال سے پاک ہوگا۔
سابق صدر نے یہ بھی کہا کہ شہداء جمہوریت قوم کے ہیرو ہیں، کوڑے کھانے اور قید کاٹنے والے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ایسے بہادر اور ثابت قدم کارکن پارٹی کا انمول سرمایہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید جب کچرے کے ڈھیر سے بچوں کو رزق تلاش کرتے ہوئے دیکھتی تھی تو انہیں سخت دکھ اور تکلیف ہوتی تھی، شہید بینظیر بھٹو کے پاکستان میں بچوں کے ہاتھوں میں کتاب ‘ نوجوان کو روزگار ‘ کسانوں کو محنت کا منصفانہ پھل ‘مزدوروں سے انصاف ہوگا۔
آصف علی زرداری کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگلے جہاں میں جنت اعمال سے ملے گی مگر اس جہاں میں اپنی دھرتی کو جنت بنانے کی جدوجہد جاری ہے، آئین کی اصل صورت میں بحالی کیلئے محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے اپنی زندگی قربان کی آگ اور خون کے دریا پار کیے تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کا کارنامہ ہے کہ آج بولنے کی آزادی ہے، اگر کوئی ہمارے خلاف بھی بولتا ہے تو یہ بھٹو شہید کا کارنامہ اور جیالوں کی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔
آصف زرداری نے یہ بھی کہا کہ آزاد باوقار ‘خود مختار پاکستان محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا مشن تھا، انشاءاللہ ہم ترقی یافتہ خود مختار پاکستان کی تعمیر کریں گے جس کیلئے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے اپنے جان کا نذرانہ دیا تھا۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ قوم خاص طور نوجوان بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری انہیں مایوس نہیں کریں گے۔



















