Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

میں بلاول کے خلاف الیکشن لڑنے کو تیار ہوں ، راشد سومرو

راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ میں بلاول کے خلاف الیکشن لڑنے کو تیار ہوں۔

تفصیلات کے مطابق جمیعت علمائے اسلام سندھ کے  جنرل سیکرٹری مولانا راشد محمود سومرو نے لاڑکانہ پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاڑکانہ میں ہونے والا طوفان اقصیٰ اور شہید اسلام کانفرنس سندھ کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع تھا ، ملک میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔

  انہوں نے کہا کہ سندھ کے الیکشن کمشنر کو فریق سمجھتے ہیں لہٰذا انہیں فوری طور پر ہٹایا جائے ، تمام جماعتوں کو سندھ کے چیف الیکشن کمشنر پر اعتراض ہے۔

راشد محمود سومرو نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن سندھ ایک جماعت کی فریق بنی ہوئی ہے، پہلے روٹی کپڑا مکان اور پھر بھٹو کے نام پر ووٹ لیا گیا اور اب دھاندلی کے ذریعے جیتبے کی سازش کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو ہماری درخواست پر کچھ نہیں کرنا تو پھر الیکشن کروانے کا کیا فائدہ ، چیف الیکشن کمشنر اپنی مرضی سے سارے صوبے جس کو دینے ہیں دے دیں الیکشن کا ڈھونگ نہ رچائیں۔

راشد محمود سومرو نے کہا کہ اب کسی لاڈلے کو قبول نہیں کریں گے پہلے بھی لاڈلے کو گھر بھیج چکے ہیں، الیکشن کمیشن ہمارے اعتراضات پر کارروائی کریں تو بہتر ہوگا۔

 انہوں نے یہ بھی کہا کہ سندھ میں کرپشن کا سسٹم اب بھی قائم ہے سابق وزراء کو ماہانہ اب بھی افسران پیسے دے رہے ہیں ، نیوٹرل افسران کی تعیناتی تک صاف اور شفاف انتخابات ممکن نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موسم اور امن امان کی صورت بہتر ہونے پر الیکشن کروائیں جائیں، وفاق کا خواب دکھا کر بلاول سے صوبہ ہی لیا جارہا ہے اس لیے پیپلز پارٹی رو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یقین سے کہتا ہوں کے صاف اور شفاف انتخابات کروائیں ،سندھ میں ہماری اور اتحادیوں کی حکومت ہوگی ، دو دن کے بعد کراچی میں ہم خیال جماعتوں کا اجلاس بلوایا ہے جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

جمیعت علمائے اسلام سندھ کے جنرل سیکرٹری مولانا راشد محمود سومرو نے مزید کہا کہ میں بلاول کے خلاف الیکشن لڑنے کو تیار ہوں ، پارٹی اور عوامی اتحاد جو فیصلہ کرے گی وہ قبول ہوگا۔

متعلقہ خبریں