امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران اشرافیہ ارب پتی بن گئے اور ملک کھربوں روپے کا مقروض ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 8 فروری سیاسی اسموگ کے خاتمے کا دن ہوگا، انتخابات میں عوام ملک بچانے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے، جماعت اسلامی سیاسی آلودگی کا خاتمہ کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈال سکتی ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ الیکشن کا دن عوام کے لیے یوم نجات جبکہ بڑی سیاسی جماعتوں کے لیے یوم حساب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو ایک دن بھی حقیقی جمہوریت اور قرآن و سنت کا نظام دیکھنے کو نہیں ملا، حکمرانوں نے ملک کو آئی ایم ایف، ورلڈ بنک کا غلام بنا دیا، حکمرانوں نے اقتدار میں آکر ایک بار نہیں بار بار قوم کو دھوکا دیا، حکمران اشرافیہ ارب پتی بن گئے، ملک کھربوں روپے کا مقروض ہوگیا۔



















