اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو پارٹی عہدے سے ہٹانے سے متعلق کیس پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو پارٹی عہدے سے ہٹانے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین اور پٹیشنر خالد محمود ایڈووکیٹ الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
سماعت کے آغاز پر شعیب شاہین نے اپنے دلائل میں کہا کہ ہم نے انٹر پارٹی انتخابات کا ریکارڈ الیکشن کمیشن میں جمع کروادیا ہے، اب اس کیس کو ختم ہوجانا چاہیے۔
وکیل نے بتایا کہ قانونی طور پر یہ معاملہ ختم ہوگیا ہے، کیونکہ پارٹی کا نیا چیئرمین آگیا ہے، اگر آپ اس کیس کو چلانا چاہتے ہیں تو اکبر ایس بابر پٹیشن دائر کررہے اسکے ساتھ چلا لیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ آپ خالد محمود کو موقع دے رہیں کہ وہ نئے چیئرمین کے خلاف بھی پٹیشن دائر کریں۔
پٹیشنر خالد محمود ایڈووکیٹ نے کہا کہ آپ آرڈر میں لکھ کر دے دیں کے چیئرمین پی ٹی آئی سزا یافتہ ہیں وہ پارٹی کا کوئی عہدہ رکھ نہیں سکتے۔
چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نےالیکشن لڑا ہی نہیں اس میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔
الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کو پارٹی عہدے سے ہٹانے سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔



















