Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

فلسطین پر اسرائیلی قبضے کو تسلیم نہیں کرتے، مولانا فضل الرحمان

 امیر جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ فلسطین پر اسرائیلی قبضے کو تسلیم نہیں کرتے۔

تفصیلات کے مطابق امیر جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے حرمت مسجد اقصیٰ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے متفقہ اعلامیہ کی تائید کرتے ہیں، سال 1940کو لاہور میں قرارداد پاکستان میں فلسطین کے حق میں اسرائیل کے خلاف قرارداد منظور کی گئی، بانی پاکستان نے اسرائیل کو کبھی تسلیم نہ کرنے کا اعلان کیا تھا، بانی پاکستان نے اسرائیل کو ناجائز بچہ کہا، پاکستان کی اساس کے ساتھ ہم فلسطین کے لئے کھڑے ہیں، ہم نے بھی ملک بننے سے پہلے اسرائیل کی تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسرائیل کے پہلے وزیر خارجہ نے پاکستان کے خاتمے کو اپنی خارجہ پالیسی کا حصہ بنایا، ہم نے پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوشش کرنے والوں کا نکال باہر کیا، ہم نے افغانستان میں امریکہ کو شکست دی، افغانستان میں شکست کے بعد امریکہ کا سپرپاور کا ٹیگ بھی ختم ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ عراق میں غلط الزام پر بمباری کرتا ہے، امریکہ افغانستان پر بمباری کرتا ہے، میں یہودی و صلیبی دنیا دونوں کو آئینہ دکھانا چاہتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلمان ممالک کے حکمرانوں کو بتانا چاہتا ہوں تم کو تمہاری مصلحت مبارک ہو، نوجوان جذبہ جہاد کو جاری رکھیں گے، ہمیں تجربہ ہے ہم نے اسرائیل کے چاہنے والوں کو کیسے شکست دی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپنی حکومت اور مسلمان حکمرانوں کو بتادینا چاہتے ہیں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اگر مسلمان حکمرانوں نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوشش کی تو ان کے خلاف مسلمان عوام بغاوت کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ یہودی کے طورپر اسرائیل آیا، میں مسلمان مجاہد کے طورپر قطر گیا اور اسماعیل ہانیہ سے کہا کہ میں یہاں مسلمان کی حیثیت سے آیا ہوں، حماس کا پیغام پاکستان کے فیصلہ سازوں کو پہنچایا ہے، اس وقت چین اور روس کے ساتھ سعودی عرب و پاکستان کا کردار اہمیت اختیار کررہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین اور روس کو بھی امریکہ کو خلیج میں روکنے کے لیے عملا آگے بڑھنا ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 8 دسمبر کو جمعہ کو ملک گیر یوم تحفظ مسجد اقصیٰ کے طورپر منایاجائے گا، اگلے جمعہ کو ملک بھر میں مظاہرے ہوں گے۔

متعلقہ خبریں