مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ محدود وقت میں بہتر سے بہتر کام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں شکایت کرنا ہر ایک کا حق ہے، انتخابات میں فیصلہ پاکستان کے عوام نے کرنا ہے، جمہوریت کے اندر شور اور آوازیں ہوتی ہیں اور یہ جمہوریت کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے افواہ ساز اپنےکام سے باز نہیں آئیں گے، الیکشن8 فروری 2024 جمعرات کو ہوں گے جبکہ ای سی کی مالی ، انتظامی، سیکیورٹی کی تمام ضروریات پوری کریں گے۔
مرتضیٰ سولنگی نے یہ بھی کہا کہ عوام ایسی جماعت کو اقتدار میں لائیں جو قابل عمل منشور دے، ہمیں جس حالت میں ملک ملا اس سے بہتر اگلی حکومت کو منتقل کر کے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نگران حکومت کے پاس محدود وقت اور محدود اختیارات ہیں، ہمارے پاس بڑے فیصلے کرنے کا اختیار نہیں، محدود وقت میں بہتر سے بہتر کام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی کا مزید کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کو مساوی کوریج دی جا رہی ہے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ لوگوں کے تاثرات آج کیا ہیں، ملک میں صحافت اور عدلیہ دونوں آزاد ہیں۔



















