ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی الیکشن میں سرپرائز دے گی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے الیکٹیبلز پیپلزپارٹی میں آرہے ہیں، اس بار پیپلزپارٹی شہروں میں بھی کلین سویپ کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی جمہوریت کی بات کرتی ہے، پیپلزپارٹی کو کسی الیکشن میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی، ہماری فیلڈ الیکشن کا دن اور عوام ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے یہ بھی کہا کہ جب سابق چیئرمین پی ٹی آئی دھرنا سیاست کررہے تھے تو ن لیگ پر کڑا وقت تھا اور ہم اس وقت مسلم لیگ ن کے ساتھ کھڑے ہوئے تھے اور اب ہمارے اوپر سب سے زیادہ کیسز ن لیگ نے بنائے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا کسی کے ساتھ انتخابی اتحاد نہیں ہورہا جبکہ سیاست میں کوئی چیز حتمی نہیں، سندھ میں بننے والے اتحاد سے خائف نہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید ناصر حسین شاہ کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں پر امید ہیں کہ الیکشن 8 فروری کو ہوں گے جبکہ پیپلز پارٹی الیکشن میں سرپرائز دے گی، پیپلز پارٹی کو جنوبی پنجاب سے بھی اچھے نتائج ملیں گے اور پی پی سندھ اور بلوچستان سے زیادہ سیٹیں لے گی۔



















