Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملکی ترقی میں صنعت کاروں اور کاروباری برادری کا کلیدی کردار ہے، نگران وزیر اعظم

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نےکہا ہے کہ ملکی ترقی اور خوشحالی میں صنعت کاروں اور کاروباری برادری کا کلیدی کردار ہے۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے صوبہ سندھ بالخصوص کراچی سے تعلق رکھنے والے صنعت کاروں اور تاجروں کے وفد نے آج اسلام آباد میں ملاقات کی۔

یہ ملاقات وزیر اعظم کے دورہء کراچی کے دوران صنعت کاروں اور تاجروں سے شروع کی گئی مشاورت کا تسلسل ہے۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی اور معاشی خوشحالی میں صنعت کاروں اور کاروباری برادری کا کلیدی کردار ہے، حکومت صنعت و تجارت کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انوار الحق نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صنعتوں کے لئے  بجلی کے مسابقتی نرخ متعارف کروائے جائیں جس سے صنعتوں اور عام آدمی کو فائدہ پہنچے گا۔

نگران وزیر اعظم نے نگران وفاقی وزیر خزانہ اور نگران وفاقی وزیر توانائی کو صنعتوں کے لیے گیس کی قیمتوں کے حوالے سے صنعت کاروں کی مشاورت سے لائحہ عمل تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے تاہم ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لیے کاروباری برادری کا تعاون  کلیدی اہمیت کا حامل ہے، ٹیکس نیٹ کے بڑھانے میں کاروباری برادری حکومت کا ساتھ دے ۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کا مزید کہنا تھا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور معیشت کی بحالی کے لیے حکومت ادارہ جاتی اصلاحات کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔

ملاقات میں تاجر برادری کے وفد نے سمگلنگ کی روک تھام، بجلی چوری کے تدارک کی مہم اور معیشت کی بحالی کے لیے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وفد میں چیئرمین بزنس مین گروپ زبیر موتی والا، چیف کوآرڈینیٹر انڈسٹریل فورم محمد جاوید بلوانی، پیٹرن ان چیف لسبیلہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مقصود اسماعیل، سابق چئیر مین آل پاکستان ٹیکسٹائل پراسیسنگ ملز ایسوسی ایشن سلیم پاریکھ، پیٹرن ان چیف بن قاسم ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری میاں محمد احمد، صدر نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری فیصل معیز اور دیگر شامل تھے۔

ملاقات میں نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر ، نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی ، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں