نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ جمہوری انداز میں احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کی تربت لانگ مارچ کے شرکاء سے ملاقات ہوئی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ اور تربت سیشن کورٹ کے ہدایات کے مطابق ورثاء کی مدعیت میں مقدمہ درج ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت واقعہ کی صاف اور شفاف تحقیقات پر یقین رکھتی ہے، لانگ مارچ شرکاء پر واضح کردیا کہ ان کے مطالبات کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم ہوچکی ہے۔
نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان نے یہ بھی کہا کہ جمہوری انداز میں احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے، لانگ مارچ شرکاء اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کو بھی احتجاج کا حق حاصل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریڈ زون پر کسی قسم کے احتجاج کے دوران دہشت گردی کا واقعہ رونماء ہوسکتا ہے، لانگ مارچ کے شرکاء کی سیکورٹی بھی ہماری ذمہ داری ہے ، اس حوالے سے بلوچستان حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو سیریس تھریٹس موصول ہوئے ہیں۔
نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان ہائیکورٹ کے احکامات کے تحت ریڈ زون پر احتجاج کرنے کی اجازت نہیں، لانگ مارچ کا شرکاء ریڈ زون کے علاوہ کسی بھی مقام پر احتجاج یا جلسہ کرسکتی ہے۔



















