کیا آپ سرد موسم میں اکثر سستی اور تھکاوٹ ہونے کی وجہ جانتے ہیں؟ اگر نہیں تو آج ہم آپ کو بتائیں گے۔
ماہرین کے مطابق موسم سرما کی آمد کے ساتھ نیند کے حوالے سے مختلف چیلنجز کا سامنا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرد موسم کے دوران ہارمونز کی سطح میں تبدیلیاں آتی ہیں جبکہ دن کی روشنی کا سامنا کم ہوتا ہے اور جسم میں مخصوص وٹامنز کی بھی کمی ہوجاتی ہے۔
تو سرد موسم میں تھکاوٹ اور سستی کی چند عام وجوہات جان لیں۔
سیزنل ایفیکٹیو ڈس آرڈر
یہ ڈپریشن کی ایک ایسی قسم ہے جس کا سامنا موسم سرما میں دن کا دورانیہ گھٹ جانے کے نتیجے میں کچھ افراد کو ہوتا ہے۔
اس عارضے کی زیادہ تر علامات تو ذہنی ہوتی ہیں مگر کچھ جسمانی علامات بھی ہیں جیسے جسمانی توانائی میں کمی، نیند کے مسائل، سستی محسوس ہونا اور کھانے کی اشتہا میں تبدیلیاں وغیرہ۔
ہارمونز
ہارمونز جسمانی توانائی کے لیے اہم ہوتے ہیں، سیروٹونین اور میلاٹونین نامی ہارمونز مزاج اور نیند کے ساتھ جڑے ہوتے ہیں۔
ہمارا دماغ میلاٹونین تیار کرتا ہے تاکہ رات کی تاریکی میں اچھی نیند کا حصول ممکن ہوسکے، مگر موسم سرما میں تاریکی جلد چھا جاتی ہے اور دن کی روشنی کا دورانیہ کم ہوتا ہے تو میلاٹونین بننے کا عمل بھی متاثر ہوتا ہے۔
اس ہارمون کی سطح میں تبدیلیوں کے نتیجے میں نیند اور مزاج پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں جس کا نتیجہ تھکاوٹ اور سستی کی شکل میں نکلتا ہے۔
وٹامن ڈی
وٹامن ڈی ہڈیوں اور دانتوں کی صحت کے لیے بہت اہم ہوتا ہے جبکہ مدافعتی نظام کو بھی مضبوط بناتا ہے۔
وٹامن ڈی کی کمی کے نتیجے میں تھکاوٹ کا سامنا ہوتا ہے۔
جسمانی گھڑی کے افعال متاثر ہونا
جب دن کا دورانیہ گھٹ جاتا ہے اور سورج کی روشنی کا سامنا کم ہوتا ہے تو جسمانی گھڑی کے افعال بھی متاثر ہوتے ہیں اور نیند کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔
اچھی نیند کی کمی کے نتیجے میں تھکاوٹ اور سستی کا احساس بڑھ جاتا ہے۔
غذائی عادات
موسم سرما میں ناشتے کے وقت میں بھی تبدیلی آتی ہے جس سے جسمانی گھڑی کا استحکام متاثر ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق جسمانی گھڑی کو معلوم ہوتا ہے کہ دن کا آغاز کب ہوا جس سے مستعدی اور جسمانی توانائی میں اضافہ ہوتا ہے، مگر اوقات میں تبدیلی سے یہ عمل الٹا ہوجاتا ہے یعنی سستی اور تھکاوٹ کا سامنا ہوتا ہے۔
ورزش نہ کرنا
بیشتر افراد موسم سرما میں ورزش کرنے سے گریز کرتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں جسمانی توانائی متاثر ہوتی ہے اور تھکاوٹ اور سستی کا احساس بڑھتا ہے۔




















