Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان دہشت گردی سے نمٹنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے،ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی سے نمٹنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔

تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سکریٹری خارجہ نے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا اور پاکستان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکورٹی فورسز کی پوسٹ پر دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں سخت احتجاج ریکارڈ کرایا۔

انہوں نے کہا کہ حملے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان سے وابستہ ایک دہشت گرد گروپ تحریک جہاد پاکستان نے قبول کی ہے، حملے کے نتیجے میں 23 سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت ہوئی۔

 اپنے بیان میں ممتاز زہرا بلوچ نے افغان عبوری حکومت سے حالیہ حملے کے مرتکب افراد کے خلاف مکمل تحقیقات اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے تمام دہشت گرد گروہوں اور ان کی پناہ گاہوں کے خلاف فوری طور پر قابل تصدیق کارروائیاں کرنے کا مطالبہ کیا جبکہ حملے کے مرتکب افراد اور افغانستان میں ٹی ٹی پی کی قیادت کو پکڑ کر حکومت پاکستان کے حوالے کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

ممتاز زہرا بلوچ کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے مسلسل استعمال کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں، آج کا دہشت گردانہ حملہ خطے میں امن و استحکام کے لیے دہشت گردی کے خطرے کی ایک اور یاد دہانی ہے۔

 ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی کی لعنت کو شکست دینے کے لیے ہمیں اپنی تمام تر اجتماعی طاقت کے ساتھ عزم سے کام لینا چاہیے، پاکستان دہشت گردی سے نمٹنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔

متعلقہ خبریں