Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دہشتگردی میں ملوث افراد کو عبرت کا نشان بنائیں گے، جان اچکزئی

نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ دہشتگردی میں ملوث تمام افراد ، تنظیموں اور ان کے سہولت کاروں کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان اور افغانوں کو بھائیوں کی طرح عزیز رکھا، 50 لاکھ افغان مہاجرین کو 4 دھائیوں سے زائد پناہ دی۔

 ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغان باشندوں کی صورت میں ملک کی ترقی اور وسائل پر بوجھ برداشت کیا، پاکستان نے عالمی تعلقات میں افغانستان کو ہمیشہ فوقیت دی لیکن افسوس کہ افغانستان دہشتگردی کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔

جان اچکزئی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پاکستان کا 9 /11 گزشتہ روز کیا گیا، پاکستان اپنے تمام شہید ہونے والے جوانوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا بدلہ لے گا جبکہ دہشتگردی میں ملوث تمام افراد تنظیموں اور ان کے سہولت کاروں کو عبرت کا نشان نشان بنائیں گے۔

 نگران وزیر اطلاعات بلوچستان نے کہا کہ ہمارے لیے ہمارے شہید سب سے اہم ہیں، دہشتگرد بزدل اور بد بخت ہیں جبکہ دہشت گرد اسلام کے دشمن ہیں جو کلمہ گو مسلمانوں کو اپنی دہشتگردی کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ افغانستان میں طالبان کی انتظامیہ ان کارروائیوں کی براہ راست ذمہ دار ہیں انہیں اپنی پوزیشن واضح کرنا ہوگی، طالبان اپنی غیر ذمہ داری سے دنیا میں اپنا تشخص خراب کررہے ہیں۔

جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا ملٹری کورٹس پر آج کا تاریخی فیصلہ ہے، اعلیٰ عدلیہ نے ایک سیاسی جماعت کی طرف سے کیے جانے والے تمام پروپیگنڈا اور پریشر گروپس کو نظر انداز کیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے ریاست کا ساتھ دیا اور سویلین کے ملٹری ٹرائل کے خلاف فیصلے کو معطل کر دیا، آج کے فیصلے سے یقینا ریاستِ پاکستان مضبوط ہوا ہے۔اعلیٰ عدلیہ نے اِس فیصلے سے ثابت کیا کہ ملکی سیکیورٹی سے جڑے معاملات میں بِلا تعصب اور بلا سیاسی مفاد کے، وہ صرف ریاست کے ساتھ ہیں۔

جان اچکزئی نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت نے چیف جسٹس اور اعلیٰ عدلیہ کے اِس بینچ کے خلاف ایک مذموم پروپیگنڈا کیا، پروپیگنڈے کا مقصد تھا کہ آج کے اس فیصلے پر  منفی انداز میں اثر انداز ہوا جا سکے۔

نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے مزید کہا کہ ملک میں دہشت گردی، انتشار اور سیاسی فسادات کے پیروکاروں کے لیے یہ فیصلہ یقیناً ایک بری خبر ہے، ملک میں فسادات اور انتشار پھیلانے والوں کے خلاف قانون آہنی اور مضبوط ہاتھوں سے اپنا راستہ لے گا، ملک میں انتشار اور دہشت گردی کے پیروکاروں اور ہینڈلرز پر مؤثر طریقے سے قابو پایا جائے گا۔

متعلقہ خبریں