نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری آبپاشی واصف خورشید نے دس سال بعد ہونے والی بھل صفائی پر بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران پنجاب میں 15300کنال میل طویل نہروں کی بھل صفائی پراجیکٹ کی منظوری دی گئی، بھل صفائی کا طریقہ کار وضع کرنے کیلئے چیئرمین پی اینڈ ڈی ، سیکر ٹریز آبپاشی ، زراعت اور مائنز پر مشتمل کمیٹی قائم کی گئی ہے۔
بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ پہلے مرحلے میں منگلاڈیم کی نہریں 26دسمبر سے 13جنوری تک بند ہوں گی جبکہ دوسرے فیز میں تربیلا ڈیم کی نہریں 13جنوری سے 31جنوری تک بند رکھی جائیں گی۔
بریفنگ دیتے ہوئے یہ بھی کہا گیا کہ 26 دسمبر سے پنجاب میں نہروں کی بندش کے بعدتین فیز میں بھل صفائی شروع کی جائے گی جبکہ جنوری کے پہلے ہفتے سے صوبہ بھر میں بھل صفائی کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔
بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا گیا کہ صوبہ بھر میں LIMSبھل صفائی کی صورتحال کے سٹیلائٹ امیج مہیا کرے گا، ایری گیشن مانیٹرنگ ایپ پر روزانہ 10بجے ڈیٹا اپ لوڈ ہوگا، بھل صفائی کے دوران پانی چوری کے لئے غیر قانونی چینل ملنے پر پولیس مقدمہ درج کر کے کارروائی کرے گی۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ بھل صفائی کی تکمیل سے تین سے چار لاکھ ایکڑ اراضی کو پانی میسر ہوگا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر عامر میر، چیئرمین پی اینڈ ڈی،ایڈیشنل آئی جی،سیکرٹری زراعت، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو،کمشنر اوردیگر حکام بھی موجود تھے۔



















