اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کو ہدایات نامہ جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے کاغذات نامدگی حاصل کرنے کے لئے پبلک نوٹس جاری کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ہدایات نامے کے ماطابق قومی اسمبلی کی نشست کے امیدوار تیس ہزار اور صوبائی اسمبلی کے امیدوار بیس ہزار روپے فیس جمع کرائیں گے جبکہ امیدوار کاغذات نامزدگی ساڑھے 8 بجے سے ساڑھے 4 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔
ہدایات نامے میں بتایا گیا ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کے شناختی کارڈ کی مصدقہ نقول منسلک کرنا لازمی ہو گی، تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کا مصدقہ ووٹر سرٹیفکیٹ بھی منسلک کرنا لازمی ہے۔
اس کے علاوہ امیدوار کو تین سال کا انکم ٹیکس ریٹرن منسلک کرنا لازمی ہو گا اور امیدوار کے پاسپورٹ کی مصدقہ کاپی بھی کاغذات کے ساتھ منسلک کرنا ہو گی جبکہ امیدوار کی کاغذات جمع کراتے وقت عمر کی حد پچیس سال سے کم نہیں ہو گی۔
الیکشن کمیشن نے ہدایت نامے میں کہا کہ صوبائی اسمبلی کی نشست کے لیے امیدوار کا متعلقہ صوبے کا ہونا لازمی ہے، امیدوار کی آٹھ دسمبر دو ہزار تئیس تک کی بینک ٹرانزیکشن کا ریکارڈ بھی لازمی دینا ہو گا۔
ہدایات نامے میں کہا گیا کہ امیدوار کا کاغذات نامزدگی کے ساتھ بیان حلفی جمع کرانا بھی لازمی ہے اور اپنے اہلخانہ سمیت زیر کفالت افراد کے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانا لازمی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت امیدوار کا مختص کردہ شخص نوٹری پبلک یا اوتھ کمشنر کے جاری کردہ لیٹر کے ذریعے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتا ہے۔
ہدایات نامے میں مزید کہا گیا کہ کاغذات نامزدگی بیس دسمبر سے بائیس دسمبر تک جمع کروائے جا سکتے ہیں جبکہ امیدوار کسی ایک حلقہ میں ایک فیس پر زیادہ سے زیادہ پانچ کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ عام انتخابات کیلئے انتخابی عمل کا آج سے باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے، کاغذات نامزدگی اجراء کے حوالے سے ریٹرننگ افسران نے پبلک نوٹس جاری کردیے۔
قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے آج کاغذات نامزدگی وصول کیے جارہے ہیں، یہ عمل 22 دسمبرتک جاری رہے گا، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 سے 30 دسمبرتک ہوگی۔
بعدازاں الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کاغذات نامزدگی پراعتراضات 3 جنوری تک دائر کیے جا سکیں گے، کاغذات نامزدگی کےخلاف اپیلیں 10 جنوری تک سنی جائیں گی، امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 11 جنوری 2024 کو جاری کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 13 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے، ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے پولنگ 8 فروری کو ہوگی۔



















